ناانصافی ،میرٹ کی پامالی ،حق تلفی کے کلچر کے مکمل خاتمے کیلئے معاشرے کا تعاون درکار ہے ،راجہ فاروق حیدر

بدھ 14 مارچ 2018 17:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2018ء)وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے اندر ناانصافی ،میرٹ کی پامالی ،حق تلفی کے کلچر کے مکمل خاتمے کیلئے معاشرے کا تعاون درکار ہے ،ریاست کے وسائل اور ترقی و خوشحالی کے مواقع خالی اشرافیہ کا حق نہیں ،غریب عوام کے باصلاحیت بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے اور انہیں امور حکومت میں حصہ دار بنانے کیلئے غیر جانبدار پبلک سروس کمیشن،غریب اور متوسط طبقے کے بچوں کو معیاری تعلیم دلانے کیلئے اساتذہ کی تعلیمی قابلیت اور سلیکشن کیلئے اہلیت و صلاحیت کو معیار بنایا گیا ، اراکین اسمبلی ،کابینہ اورجماعتی کارکنوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے قوم کے مستقبل کیلئے اپنی خواہشات کی قربانی دی،اقتدار کی لالچ نہیں مخلوق کی خدمت کو اپنا مشن بنایا ہوا ہے آئینی ترامیم معاملے پر اختیارات کی واپسی سے احساس محرومی ختم ہوگا ،اور آمدنی میں اضافہ اور گورننس میں بہتری لانے سے بچنے کا کوئی بہانہ نہیں ہوگا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے یہا ں کشمیر ہاوس میں آزادکشمیر بھر سے آئے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوے کیا ۔وزیراعظم آزادکشمیر سے ملاقات کرنے والوں میں محمد یوسف بندوروی،چوہدری محمد عارف،چوہدری طالب حسین ،سردار عبدالوہاب،اور آزادکشمیر بھر سے آے ہوے وفودشامل تھے ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر کے اندر ماضی میں بدقسمتی سے سیاسی بنیادوں پر تعمیر و ترقی اور محکمہ جات کی توسیع ہوتی رہی عوامی خدمت کے بجاے انفرادی خدمت کو ترجیح دیتے ہوے عوام الناس کو سہولیات کی فراہمی کیلئے کسی قسم کی ٹھوس منصوبہ بندی نہیں کی گئی ۔

پہلی بار آزادکشمیر بھر میں عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوے تعلیم،صحت،بنیادی انفراسٹریکچر،کے منصوبہ جات پر ایک طویل المعیاد اور پائیدار ترقی کے ویژن کو مدنظر رکھتے ہوے پالیسیز تشکیل دی گئی ہیں جن کے براہ راست نتائج عوام الناس تک پہنچیں گے ہمارا مقصد ایک ذمہ دار ،باوقار حکومت کے قیام کے ساتھ ساتھ پائیدار ترقی ہے کیمونٹی انفراسٹریکچر پروگرام سے ہر دیہات کی بنیادی ضروریات پوری ہو رہی ہیں ۔