میانمار میں فیس بک کے استعمال نے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے میں بڑا کردار ادا کیا،اقوام متحدہ

بدھ 14 مارچ 2018 16:50

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مارچ2018ء) اقوام متحدہ کے تحقیق کاروں نے کہا ہے کہ میانمار میں فیس بک کے استعمال نے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔غیر ملکی میڈیاکے مطابقمیانمار میں نسل کشی کے الزامات کی تحقیقات کرنے والی ایک ٹیم کا کہنا ہے کہ فیس بک بے لگام ہو گیا ہے۔خیال رہے کہ اگست میں میانمار کی فوج کی ریاست رخائن میں کارروائی کے نتیجے میں بچوں اور عورتوں سمیت سات لاکھ افراد بنگلہ دیش منتقل ہونے پر مجبور ہو گئے تھے۔

فیس بک نے کہا تھا کہ اس کے پلیٹ فارم پر نفرت انگیز مواد کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔فیس بک کی ترجمان نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ہمیں اسے انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہیں اور ہم نے ماہرین کے ساتھ کئی سالوں تک میانمار میں ایسے مواد کے انسداد اور محفوظ ذرائع کے لیے کام کیا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتایا کہ ان کاموں میں میانمار کے لیے مخصوص سیفٹی پیج، مقامی سطح پر بنائے گئے ہمارے کمیونٹی سٹینڈرڈز، اور مستقل بنیادوں پر سول سوسائٹی اور مقامی تنظیموں کی ملک بھر میں ٹریننگ شامل ہے۔

پیر کو اقوام متحدہ کی تحقیقاتی ٹیم نے اپنی تحقیقات کی عبوری رپورٹ جاری کی ہیں۔ٹیم کے سربراہ مرزوکی دروشمن نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ سوشل میڈیا نے بڑے پیمانے پر لوگوں میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف تلخی پھیلانے میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ یقینی طور پر نفرت انگیز مواد بنیادی طور پر اسی کا حصہ ہے۔جہاں تک میانمار کی صورتحال کی بات ہے تو سوشل میڈیا فیس بک ہے اور فیس بک ہی سوشل میڈیا ہے۔

ان کے ساتھی نے اس بات کو بھی تسلیم کیا کہ فیس بک نے ملک میں ایک دوسرے سے رابطہ کرنے میں بھی لوگوں کو کافی مدد فراہم کی ہے۔تاہم میانمار میں انسانی حقوق کی صورتحال کی نمائندہ خصوصی یانگ ہی لی کا کہنا ہے کہ ہم جانتے ہیں کہ قوم پرست بودھوں کے اپنے فیس بک اکانٹس ہیں اور وہ روہنگیا یا دیگر نسلی اقلیتوں کے خلاف نفرت اور تشدت کو ہوا دے رہے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ مجھے ڈر ہے کہ فیس بک اب بے لگام ہو گیا ہے اور جس مقصد کے لیے اسے اصل میں بنایا گیا تھا وہ اب نہیں رہا۔یہ عبوری رپورٹ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نشانہ بننے والے اور گواہوں کے 600 انٹرویو پر مبنی ہے، جو بنگلہ دیش، ملائیشیا اور تھائی لینڈ میں کیے گئے۔

متعلقہ عنوان :