حالات اور وقت نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ ایک زرداری سب پے بھاری‘ اپوزیشن اتحاد کے امیدوار صادق سنجرانی کی بطور چیئرمین اور سلیم مانڈی والا کی بطور وائس چیئرمین کریڈٹ کا انتخاب آصف زرداری کو جاتا ہے

صدر پیپلزپارٹی آزاد کشمیرسوشل میڈیا و سابق ڈپٹی سپیکر شاہین کوثر ڈار کی صحافیوں سے بات چیت

بدھ 14 مارچ 2018 16:50

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مارچ2018ء) صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیرسوشل میڈیا و سابق ڈپٹی سپیکر شاہین کوثر ڈار نے کہا ہے کہ حالات اور وقت نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ ایک زرداری سب پے بھاری، اپوزیشن اتحاد کے امیدوار صادق سنجرانی کی بطور چیئرمین اور سلیم مانڈی والا کی بطور وائس چیئرمین کریڈٹ کا انتخاب آصف علی زرداری کو جاتا ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے نو منتخب چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے صوبے سے پہلی بار میر صادق سنجرانی کو سینٹ کا چیئرمین اور کراچی سے سلیم مانڈی والا کو ڈپٹی چیئرمین بنانے کا اعلان کیا اور اسکے مقابلے میں سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں حکمران اتحاد نے راجہ ظفر الحق جیسے سینئر سیاستدان کو نامزد کیا لیکن اللہ کی ذات نے شہیدذوالفقار علی بھٹو کے نواسے اور دختر مشرق محترمہ بینظیر بھٹو کے فرزند بلاول بھٹو زرداری کی لاج رکھتے ہوئے ان کے حمایت یافتہ امیدواروں کو کامیابی سے ہمکنار کرکے ان کی قیادت اور پیپلز پارٹی کی شہرت کو چار چاند لگا دیئے ہیں ۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں 2018کے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی اور ان کے وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے میں حائل تمام سیاسی بارودی سرنگیں دور ہوچکی ہیں بلاول بھٹو زرداری واحد عالمی شہرت یافتہ ترقی پسند ، روشن خیال طویل ریاضت رکھنے والے نوجوان سیاستدان ہیں جن کا دامن صاف ہے اور ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کے علاوہ دہشتگردی ، انتہا پسندی ، لاقانونیت ، فرقہ واریت ، صوبائی تعصب ، مضبوط وفاق اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا ویژن موجود ہے جبکہ ان کے سیاسی مخالفین اپنی دوعملی کے گرداب میں پائوں سے لیکر سر تک دھنس چکے ہیں ۔

مسلم لیگ ن نے ہمیشہ غیر جمہوری قوتوں سے ساز باز کرکے اقتدار پر قبضہ کیا اور پھر آمروں سے رات کی تاریکی میں معاہدے کرکے ملک سے فرار اختیار کیا اور پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت نے اپنی چار نسلوں کو پاکستان پر قربان کرکے پھانسی کا پھندا بھی قبول کیا اور جان جان آفریں کے سپرد کرکے خودداری کی عالمی تاریخ رقم کی ۔ شاہین کوثر ڈار نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قربانیاں دیکر کثیر المقاصد حکمت عملی سے قوم کی رہنمائی کی اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں قومی مفاہمت کے کلچر کو پروان چڑھا کر پوری قوم کو سبز ہلالی پرچم کے نیچے اکٹھا کیا ۔

تقریب کے اختتام پر پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری ، سیاسی امور کی چیئرپرسن محترمہ فریال تالپور کی کمال سیاسی بصیرت اور بہترین سیاسی حکمت عملی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور نومنتخب چیئرمین ، ڈپٹی چیئرمین سمیت منتخب سینٹ آف پاکستان کے جملہ ممبران کو مبارکباد پیش کی ۔