سیاست میں برادری ازم ،انفرادیت اور محدود سوچ کے حامل نہیں‘برابری اور میرٹ کی بنیادوں پر فیصلے کر رہے ہیں‘ آزادکشمیر کے عوام کا وقار زیادہ عزیز ہے آزادکشمیر کو قابل قدر اور قابل فخر ریاست بنانے کیلئے وسیع تر مفاد میں فیصلے کر رہے ہیں

وزیرخزانہ،منصوبہ بندی وترقیات و صحت عامہ ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کی مختلف وفود سے بات چیت

بدھ 14 مارچ 2018 16:50

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مارچ2018ء) وزیرخزانہ،منصوبہ بندی وترقیات و صحت عامہ ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان نے کہا ہے کہ سیاست میں برادری ازم ،انفرادیت اور محدود سوچ کے حامل نہیں ،برابری اور میرٹ کی بنیادوں پر فیصلے کر رہے ہیں۔ آزادکشمیر کے عوام کا وقار زیادہ عزیز ہے آزادکشمیر کو ایک قابل قدر اور قابل فخر ریاست بنانے کے لیے وسیع تر مفاد میں فیصلے کر رہے ہیں ‘آزادکشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ، مخالفین کی باتوں پر نہیں بلکہ اپنے کام پر توجہ دے رہے ہیں صحت ،تعلیم اور باعزت اور میرٹ پر روزگار کی فراہمی کے لیے ہنگامی اقدامات اُٹھائے ہیں ،مسائل پر کڑی نظر ہے وسائل کا عوامی ضروریات کے مطابق استعمال کر رہے ہیں عوام کے اعتماد اور توقعات پر پورا اُتریں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار اُنھوں نے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اُنھوں نے کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کمیونٹی انفراسٹرکچر پروگرام کا آغاز کر کے آزادکشمیر میں تعمیر وترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا۔ عوامی منصوبوں کی تعمیر کو یقینی بنایا جا رہا ہے ،آزادکشمیر میں تعمیر وترقی و خوشحالی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

آزادکشمیر میں صحت کے شعبہ میں بہتری لانے کے لیے اور ہنگامی بنیادوں پر آزادکشمیر کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی سروس کا آغاز کیا۔ برابری کی بنیاد پر تعمیر و ترقی کا آغاز کر دیا گیا تمام اضلاع میں ایک منظم پلان کے تحت تعمیر و ترقی جاری ہے آزادکشمیر میں تمام مین شاہرات کو جدید ترین طرز پر تعمیر کرنے کا کام بھی جاری ہے۔ اداروں سے کرپشن اور سفارش کا مکمل خاتمہ کر دیا ہے میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر روزگار کی فراہمی کو یقینی بنادیا ہے انفرادی پسند و ناپسند اور انتقام کی سیاست کا ہمیشہ ہمیشہ کے لیے خاتمہ کر دیا ہے۔

گڈگورنس ،میرٹ اور عوام کی خوشحالی کا جو پلان ترتیب دیا گیا تھا اُس پر باقاعدگی کے ساتھ عمل جاری ہے۔ وزیرحکومت نے مزید کہا کہ ہم مخالفین کی باتوں پر کان نہیں دھرتے اپنے مقصد و مشن کو لیکر چل رہے ہیں اور اپنی ذمہ داریوں کو پورا کر رہے ہیں۔ان شاء اللہ حکومتی مدت پوری ہونے تک عوام آزادکشمیر کو ایک خوشحال اور مضبوط ریاست کی شکل میں دیکھیں گے اور کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ بھی عوام فیصلہ دیں گے ۔

متعلقہ عنوان :