قائمقام سپیکر سردار فاروق طاہر کی وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو بلا مقابلہ مسلم لیگ(ن) کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

بدھ 14 مارچ 2018 16:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مارچ2018ء) قائمقام سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی سردار فاروق احمد طاہر نے وزیر اعلیٰ پنجاب ، ممتاز سیاستدان میاں شہباز شریف کو بلا مقابلہ مسلم لیگ(ن) پاکستان کا صدر منتخب ہونے پر اپنی اور ریاست جموں و کشمیر کے عوام کی جانب سے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے ان توقعات کا اظہار کیا ہے کہ جماعت کو استحکام دینے کے ساتھ ساتھ مُلک پاکستان میں جمہوری اداروں کے استحکام اور مُلکی ترقی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں وقف کر دیں گے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے قائد مُسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف سمیت جماعتی کارکنان کو بھی مبارکباد دی ہے جنہوں نے میاں شہباز شریف کا بحیثیت صدر مُسلم لیگ (ن) پاکستان شاندار انتخاب کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اُن کے دور میں پنجاب میں مثالی تعمیراتی کام ہوئے ہیں۔ اُمید ہے کہ وہ ترقیاتی تسلسل جاری رکھیں گے اور مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کے لیے بھی اپنی صلاحیتیں وقف کر دیں گے۔ کشمیری عوام کو اُنکے انتخاب پر حقیقی خوشی میسر آئی ہے۔