جنگلات قومی آمدن کابڑاذریعہ اور ریاست کا قیمتی اثاثہ ہیں‘ آزادکشمیر میں جنگلات کے فروغ کیلئے حکومت ہرممکن اقدامات اٹھارہی ہے‘ جنگلا ت کے رقبہ پرکسی کوقبضہ نہیں کرنے دیں گے اور قبضہ شدہ رقبہ کوبھی واگزارکروائیں گے

آزادکشمیرکے وزیرجنگلات سردارمیراکبرخان کی بات چیت

بدھ 14 مارچ 2018 16:50

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مارچ2018ء) آزادکشمیرکے وزیرجنگلات سردارمیراکبرخان نے کہاکہ جنگلات قومی آمدن کابڑاذریعہ اور ریاست کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ آزادکشمیر میں جنگلات کے فروغ کے لیے حکومت ہرممکن اقدامات اٹھارہی ہے۔ جنگلا ت کے رقبہ پرکسی کوقبضہ نہیں کرنے دیں گے اور قبضہ شدہ رقبہ کوبھی واگزارکروائیں گے۔ آزادکشمیر کے بلند وبالاپہاڑوں کی خوبصورتی جنگلات کے باعث ہے۔

جنگلات انسانی حیاتیات کے لیے آکسیجن پیداکرتے ہیں اور مضرگیسز کواپنے اندرہضم کرتے ہیں۔ دنیا میں ایسی کوئی مشین ایجاد نہیں ہوئی جوآکسیجن پیداکرے اور مضر گیسز اپنے اندرہضم کرسکے۔جنگلات قدرت کی طرف سے قراہ ارض پر حیاتیات کے لیے بڑاتحفہ ہیں۔محکمہ جنگلات کے افسران واہلکاران جنگلات کے فروغ کے لیے زیادہ سے زیادہ شجرکاری کریں اور بنجرزمینوں پرزیادہ سے زیادہ پوداجات لگائیں۔

(جاری ہے)

فائرسیزن میں جنگلات کوآگ سے بچانے کے لیے مقامی آبادیوں سے بھی تعاون حاصل کریں۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے دورہ میرپورکے دوران میڈیانمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرناظم جنگلات میرپورڈویژن سردار نصیراحمدخان، ناظم جنگلات سید گل حسین شاہ، ڈی ایف او زاہد حسین، ڈی ایف او افتخا راحمد، ڈی ایف او محمداشرف پروانہ، ڈی ایف او ملک عمران صادق، ڈی ایف او محمدعمران شفیع، ڈی ایف او نعمان اکبر، ڈی ایف او راجہ جہانزیب، ڈی ایف او چوہدری محمدفاروق، ڈی ایف او محمدنصیرالدین مغل، اسسٹنٹ گیم وارڈن وائلڈلائف فشریز محمدساجد، رینج آفیسر وائلڈلائف محمدطارق بھی موجود تھے۔

وزیرجنگلات نے کہاکہ جنگلات کاتحفظ جنگلات کے افسران اور ملازمین کی اہم ذمہ داری ہے کہ وہ جنگلات کے رقبہ پرکسی کوقبضہ نہ کرنے دیں اس سلسلہ میں کسی سے کوئی رورعایت نہ برتی جائے۔ انھوں نے کہاکہ گرین پاکستان پروگرام کے تحت آزادکشمیر بھرمیں بنجراور غیرآباد زمینوں پرزیادہ سے زیادہ شجرکاری کی جائے گی تاکہ آزادکشمیرکاخطہ سرسبزوشاداب ہوسکے۔

انھوں نے کہاکہ ضلع میرپورمیں جنگلات نہ ہونے کے باعث ماحولیات پربڑے منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔درخت لگانااور ان کی حفاظت کرناسنت نبوی ہے اس کے لیے معاشرے کے ہرفرد کوجنگلات کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھاناہونگے اور جنگلات کے تحفظ کویقینی بناناہوگا۔ انھوں نے کہاکہ محکمہ کے افسران اورجملہ ملازمین کوہدایات دے رکھی ہیں کہ جس علاقہ میں کسی نے جنگلات کے رقبہ پرقبضہ کیاتو اس متعلقہ افسراورملازم کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔انھوں نے مزید کہاکہ جنگلات ریاست کی آمدن کابڑا ذریعہ ہیں ۔جنگلات کے تحفظ سے ماحولیات پرمثبت اثرات مرتب ہونگے۔