میاں وحید نے نیلم کو پسماندگی کے سوا کچھ بھی نہیں دیا‘میر شکیل حسین

کروڑوں روپے کے منصوبے ضائع کئے گئے‘ شاہ غلام قادر عوام کے مسائل حل کررہے ہیں

بدھ 14 مارچ 2018 16:50

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مارچ2018ء) شاہ غلام قادر لورز کے مرکزی چیئرمین و مسلم لیگی رہنماء میر شکیل حسین نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں نیلم کو جان بوجھ کر پسماندہ رکھا ۔پسماندگی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ سابق وزیر میاں عبدالوحید نے پانچ سال کے دوران کروڑوں روپے کے منصوبے ضائع کئے ۔ اپنے چہیتوں کو نوازتے رہے اب جب حالیہ الیکشن میں عوام نے ان کا احتساب کیااور نیلم کی پسماندگی سپیکر شاہ غلام قادر نے دور کرنا شروع کی ہے تو میاں جی کے پیٹ میں مروڑ پڑنا شروع ہو گئے ہیں۔

انھیں شدید تکلیف ہو گئی ہے عوام اور لیگی کارکنان کا ان کو مشورہ ہے کہ وہ اپنا علاج کرائیں کیونکہ نیلم کی تعمیر و ترقی دیکھ کر ان کے ہوش خطا ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

راجہ فاروق حید رکی قیادت میں قائم مسلم لیگ ن کی حکومت پانچ سالہ دور میں نیلم کے تمام مسائل حل کریگی۔ گزشتہ روزصحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے میر شکیل حسین نے کہاکہ جو لوگ 15سال تک اسمبلی اور اقتدار میں رہے انہوں نے عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے نیلم کے وسائل اور فنڈز پر ہاتھ صاف کئے ۔ تعلیمی پیکج تو دیا لیکن سکولوں کی حالت بہتر نہ کی جاسکی ۔ ٹھیکہ سسٹم ماضی کے دور میں عام رہا ۔اساتذہ سیاستدانوں کے ذاتی ملازم بنے رہے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ شاہ غلام قادر بتدریج مسائل حل کررہے ہیں۔