جب تک جزا اور سزا کا عمل نہیں ہوگا اور قانون کی پابندی نہیں ہوگی ،ْسینیٹر عثمان کاکڑ

بدھ 14 مارچ 2018 16:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2018ء)پختون خواہ ملی عوامی پارٹی کے سینیٹر عثمان کاکڑ نے کہا ہے کہ جب تک جزا اور سزا کا عمل نہیں ہوگا اور قانون کی پابندی نہیں ہوگی۔ وہ بدھ کے روز پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ سینیٹر عثمان خان کاکڑ نے کہا کہ جب دلیل کی جنگ انسان ہار جاتا ہے تو وہ گالی گلوچ اور لڑائی جھگڑے پر اتر آتا ہے۔

سیاستدانوں کو بدنام کرنے کے لئے جوتیاں مروائی جارہی ہیں ۔ اس سے وہ قوتیں سیاستدانوں کو غیر مقبول نہیں کرسکتیں اور نہ ہی کوئی غیر مقبول ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک جزا اور سزا کا عمل نہیں ہوگا اور قانون کی پابندی نہیں ہوگی اس وقت تک ملک میں کوئی قانون کی عزت نہیں کرے گا۔ ملک کی اشرافیہ‘ حکمران‘ بااثر طبقات قانون کو اپنے پائوں تلے روندنے کو فخر محسوس کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ قانون کا مذاق اڑاتے پھر رہے ہیں لیکن کوئی انہیں پوچھنے والا نہیں جبکہ غریب عوام کے معاملے میں قانون فوراً حرکت میں آجاتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی صدارت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ پہلے مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور صدارت میاں نواز شریف کے پاس تھی اور وہ اپنے آپ کو قائد اعظم ثانی کہتے تھے جبکہ اب مسلم لیگ کی صدارت میاں شہباز شریف کے پاس ہیں اب وہ قائد اعظم ثانی ہوگئے ہیں۔