پاکستان سمیت دنیا بھر میں صارفین کے حقوق کا عالمی دن (آج) منایا جائے گا

صوبہ پنجاب میں17تحفظ صارف عدالتیں صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم ہیں تحفظ صارف عدالت راولپنڈی نے ایک برس کے دوران 248 مقدمات نمٹائے

بدھ 14 مارچ 2018 16:30

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں صارفین کے حقوق کا عالمی دن (آج) 15مارچ کو منایا جائے گا ۔ہرسال 15مارچ کو صارفین کے حقوق کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے جس کا مقصد صارفین میں انکے حقوق کی آگاہی پیدا کرنا ہے۔واضح رہے کہ صوبہ پنجاب میں اس وقت 17تحفظ صارف عدالتیں کام کر رہی ہیں اور صارفین کو ان کے حقوق کی فراہمی یقینی بنانے میں معاونت کر رہی ہیں ۔

اس حوالے سے ضلعی تحفظ صارف کونسل راولپنڈی کے فوکل پرسن ادریس رندھاوا نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ تحفظ صارف کونسل اور تحفظ صارف عدالتیں پنجاب بھر میں صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ کوئی بھی صارف ناقص خدمات ،ناقص مینوفیکچرنگ سمیت صارف ایکٹ کی خلاف ورزی کے دیگر الزامات کی بابت محض ایک سادہ درخواست تحفظ صارف کونسل کر دے کر ریلیف حاصل کر سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

صارف کونسل شہری کی درخواست پر مذکورہ ادارے ،فرد یا مینو فیکچرر کو انتباہی نوٹس جاری کرتی ہے جس پر اکثر صارفین کی شکایات کا ازالہ کر دیا جاتا ہے تاھم ا گر اس کے باوجود شکایت کا ازالہ نہ ہو تو صارف کونسل یہ کیس تحفظ صارف عدالت کو منتقل کر دیتی ہے جس کے بعد مزید قانونی کارروائی کے ذریعے صارف کو اس کا حق دلایا جاتا ہے ۔اے پی پی کو دستیاب اعدادو شمار کے مطابق تحفظ صارف عدالت راولپنڈی میں ایک برس کے دوران 440 شہریوں نے سرکاری اداروں ،مینو فیکچررز کی ناقص سروسز اور مصنوعات کے خلاف شکایات کا اندراج کرایا جن میں 248مقدمات نمٹا دیئے گئے ۔

ضلعی تحفظ صارف عدالت راولپنڈی کے ذرائع نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ گذشتہ برس کے دوران واپڈا ،محکمہ سوئی گیس اور دیگر سرکاری اداروں کے علاوہ مختلف مصنوعات ساز اداروں کی ناقص خدمات اور آلات کی خرابی کے حوالے سے تحفظ صارف عدالت راولپنڈی میں مجموعی طور پر 440شہریوں نے اپنی شکایات کا اندراج کرایا جن میں سے 248 شکایات کا فیصلہ سناتے ہوئے صارفین کو ریلیف فراہم کیا گیا ۔

عدالتی ذرائع نے سرکاری خبر ایجنسی کو بتایاکہ اس عرصہ میں شہریوں نے مختلف بنکوں ،ڈاکٹرز ،میڈیکل لیبارٹریز کی ناقص سروسز کے خلاف بھی شکایات کا اندراج کرایا جن میں ازالہ کیا گیا ۔عدالتی اعدادو شمار کے مطابق 248 شکایات کے فیصلے کے علاوہ 156مقدمات فی الوقت عدالت میں زیر سماعت ہیں ۔دریں اثناء اسسٹنٹ ڈائریکٹر کنزیومر پروٹیکشن کونسل عدنان کریم نے صارفین کے حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ صارفین کو غیرمعیاری اشیاء پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے اور گارنٹی و وارنٹی کلیم نہ کرنے والی تمام کمپنیوں کے خلاف اپنا حق حاصل کرنے کے لیے کنزیومر کورٹ اور کنزیومر پروٹیکشن کونسل سے رجوع کرنا چاہیے ۔

متعلقہ عنوان :