الیکشن کمیشن نے سینیٹ کے حالیہ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کی تحقیقات کے کیس کی سماعت 4 اپریل تک ملتوی کر دی

بدھ 14 مارچ 2018 15:59

الیکشن کمیشن نے سینیٹ کے حالیہ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کی تحقیقات ..
اسلام اّباد ۔ 14 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) الیکشن کمیشن نے سینیٹ کے حالیہ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کی تحقیقات کے لئے کیس کی سماعت 4 اپریل تک ملتوی کر دی جبکہ چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ پیسے کے ذریعے ووٹ خریدنا جرم ہے، اس کی تحقیقات کریں گے۔ بدھ کوچیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، رکن پنجاب اسمبلی عظمی بخاری، مسلم لیگ (ن) کے پی کے کے صدرامیر مقام، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان،ایم کیو ایم پاکستان کے کنونئیرڈاکٹر فاروق ستار کے وکلاء الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ عمران خان کی طرف سے شاہد گوندل نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ کی تحقیقات کے لیے الیکشن کمیشن کی مکمل معاونت کریں ے۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنرنے کہا عمران خان نے میڈیا پرہارس ٹریڈنگ سے متعلقبات کی اس لیے آپ کو معاونت کے لیے بلایاہے۔لیگی رہنما مریم اورنگزیب نے بنچ سے کہاکہ آپ خفیہ اداروں، ایف آئی اے کی مدد لے سکتے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا خفیہ اداروں، ایف آئی اے اور دیگر اداروں کی ہارس ٹریڈنگ کی تحقیقات میں مدد لیں گے، پیسے کے ذریعے ووٹ خریدنا جرم ہے ، اس کی تحقیقات کریں گے، جوووٹ خریدتے ہیں اور جوبیچتے ہیں وہ بھی پارلیمنٹرینز ہیں۔

عظمی بخاری نے کہا چوہدری سرور نے ن لیگ کے 6 ایم پی ایز کا ساتھ دینے کا کہا تھا، کیا آپ ان کو نوٹس کر سکتے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا اسی لئے آپ کی معاونت چاہتے ہیں، ان کو بھی بلا لیںگے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ کی معاونت سے الیکشن کمیشن جو کر سکتا ہے ضرور کرے گا۔ الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 4 اپریل تک ملتوی کر دی۔