مسلم لیگ (ن) کو کیہال کے عوام کامیابی دلائیں گے جس کے بعد جھوٹ کی سیاست ختم ہو جائے گی، ساجد اعوان

بدھ 14 مارچ 2018 15:39

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) ایبٹ آباد کی یونین کونسل کیہال اربن میں مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار محمد ساجد اعوان نے کہا ہے کہ کیہال سے بلدیاتی الیکشن میں منتخب ہونے والے ممبر ضلع کونسل کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے جس کا خمیازہ یونین کونسل کے ساتھ ساتھ ضلع ایبٹ آباد کے عوام کو بھی بھگتنا پڑا، ترقیاتی فنڈ کو بار بار روکنے سے کیہال میں پسماندگی بڑھی ہے، شہر کی گنجان آباد یونین کونسل کے عوام کو طرح طرح کے جھوٹ بول کر سہانے خواب دکھائے گئے۔

یہاں ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ضمنی الیکشن میں واضح شکست دیکھ کر راتوں کو چھپ کر ملاقاتیں کی جا رہی ہیں، اگر یہ لوگ گذشتہ چار سالوں میں کوئی کارکردگی دکھاتے تو ان کو ووٹ مانگنے کی بالکل ضرورت محسوس نہ ہوتی، یہ لوگ دن کے اجالے میں لوگوں کا سامنا بھی نہیں کر سکتے۔

(جاری ہے)

محمد ساجد اعوان نے کہا کہ 18 مارچ کو مسلم لیگ (ن) کوکیہال کے عوام کامیابی دلائیں گے جس کے بعد جھوٹ کی سیاست کرنے والے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے نامراد ہوں گے، کیہال کی تمام برادریوں نے متفقہ طور پر ان کی حمایت کی ہے جس کیلئے وہ سب کے مشکور ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ مختصر وقت میں بہتر کارکردگی سے عوام کے احسانات کا بدلہ چکائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سے ان کی وابستگی 25 سالوں سے ہے، آج بار بار وفاداریاں بدلنے والے اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکتے، 18 مارچ کیہال کے عوام کیلئے خوبصورت دن ہو گا، لوگوں کو غلام رکھنے والوں کو بدترین شکست ہو گی۔

متعلقہ عنوان :