بہار الدین شیخ نے مہاجر اتحاد تحریک سے لاتعلقی کااعلان کردیا

اپنے آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان ساتھیوں سے مشاورت کے بعد کروں گا، بہار الدین شیخ

بدھ 14 مارچ 2018 15:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2018ء)مہاجر اتحاد تحریک کے سینئررہنمابہار الدین شیخ نے مہاجر اتحاد تحریک سے لاتعلقی کااعلان کیاہے۔بہار الدین شیخ نے مہاجر اتحاد تحریک کے 34 ویں یوم تاسیس کے موقع پر تنظیم میں نظم وضبط کے فقدان اور یکطرفہ فیصلوں، آج تک مرکزی دفتر قائم نہ کرنے، کارکنوں کی حوصلہ شکنی پر دلبرداشتہ ہو کر مہاجر اتحاد تحریک سے لاتعلقی کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مہاجر قوم پر ظلم وستم اور انہیں یرغمال بنانے والوں سے ذاتی تعلقات قائم کئے جارہے ہیں۔ بہار الدین شیخ نے کہا کہ 33 سال تک ایم کیو ایم اور اس کے نظریے اور مہاجر دشمن پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھاتے رہے۔ اب ان سے ہمدردی پیدا کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاجر نام پر سیاست کرنے والے رہنما اور تنظیمیں قوم سے مخلص نہیں ہیں۔ مہاجر اتحاد تحریک سے 34 سالہ وابستگی میں ان پر قاتلانہ حملہ، جیلوں کی صعوبتیں، ایم کیو ایم کی آئے دن کی دھمکیوں سمیت اپنا مستقبل دائو پر لگادیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپنے آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان ساتھیوں سے مشاورت کے بعد کروں گا۔