امرود کو درمیانی شور زدہ زمین میں کامیابی سے اگایا جاسکتا ہے

بدھ 14 مارچ 2018 14:57

فیصل آباد۔14 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) امرود کو درمیانی شور زدہ زمین میں کامیابی سے اگایا جاسکتاہے تاہم باغبانوں کو شدید متاثرہ زمینوں میں امرود کے پودے لگانے سے اجتناب کی ہدایت کی گئی ہے ، زرعی ماہرین نے بتایاکہ امرود ایک جھاڑی دار درخت کی شکل کا پودا ہوتا ہے جس کی اوسطاً اونچائی 12 سی15فٹ تک ہوتی ہے ، انہوںنے بتایاکہ امرود عام زمینوں میں ریتلی سے بھاری میرا زمین میں پرورش پاسکتاہے، امرود کے پودے مارچ یا پھر ستمبر میں لگانے چاہئیں ، عام طور پر دیکھا گیاہے کہ جو پھلدار پودے کلراٹھی زمینوں میں درج بالا طریقہ سے لگائے گئے ہیں وہ 4 سے 5سال کے بعد پھل دینا کم کر دیتے ہیں، حالیہ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ اگر شدید متاثرہ زمینوں میں امرود کا پودا لگایا جائے تو وہ پیداوار دینے کے قابل نہیں رہتا تاہم اگر دیگر زمینوں میں یہ پودا پیداوار دینا کم کرے تو باغ میں کھیت کی ضرورت کے مطابق جپسم 100فیصد بمعہ 40کلوگرام گوبر کی کھاد اور 2کلوگرام یوریا فی پودا ڈال کر امرود کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیاجاسکتاہے۔