لاہور کے رہائشی دو بھائیوں نے آن لائن ڈیٹا سائنس پراجیکٹ میں 90 فیصد نمبر حاصل کرکے ہارورڈ یونیورسٹی میں دھوم مچادی

حوصلہ افزائی کیلئے اخراجات مائیکروسافٹ کمپنی نے برداشت کیے،غربت کیوجہ سے دونوں بھائی ملازمت کر کے تعلیمی اور گھریلو اخراجات اٹھا رہے ہیں

بدھ 14 مارچ 2018 14:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2018ء) لاہور کے دو بھائیوں نے آن لائن ڈیٹا سائنس پراجیکٹ میں 90 فیصد نمبر حاصل کرکے ہارورڈ یونیورسٹی میں دھوم مچادی،ڈیٹا سائنس، ریاضی اور معاشیات کا مجموعہ ہے جس کے ذریعے اعداد وشمار کا تجزیہ کرنا ممکن ہوتا ہے۔لاہور کے علاقے اقبال ٹائون کے رہائشی 20سالہ طیب اور 19سالہ طاہر نے امریکہ کی ہارورڈ یونیورسٹی سے 6 ماہ کا آن لائن کورس کیا اور پھر فائنل پراجیکٹ میں 90 فیصد نمبر حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں کی دھاک بٹھادی۔

ان کے پراجیکٹ کا موضوع امریکہ میں آبادی کے لحاظ سے غربت کی شرح کا جائزہ لینا تھا۔دونوں بھائیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اخراجات مائیکروسافٹ کمپنی نے برداشت کیے۔نوجوان طاہر نے بتایا کہ اس کورس کے 10 ماڈیولز تھے جن میں سے فائنل ماڈیول مائیکروسافٹ کا مقابلہ تھا، جس میں پوری دنیا سے 400 کے قریب امیدوار شریک تھے۔

(جاری ہے)

طیب نے بتایا کہ انہیں امریکہ کے شماریات بیورو نے ڈیٹا فراہم کیا تھا جسے استعمال کرکے انہوں نے کورس میں حصہ لیا اور 90 فیصد نمبر حاصل کیے۔

طیب اور طاہر ڈیٹا سائس کی فیلڈ میں اپنے ملک کے لیے کچھ کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ان ذہین طلبہ نے بتایا کہ انہوں نے یہ کورس آئی سی ایس کے بعد کیا ہے، ان کی ہر جگہ حوصلہ افزائی ہوئی اور وہ اسی فیلڈ میں اپنے ملک کے لیے کچھ کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔طلبہ نے بتایا کہ ان کے پاس آرٹیفیشل انٹیلی جنس، سیف سٹیز، اسپائی ڈرونز، اور سیلف ڈرائیونگ کاروں سمیت کئی آئیڈیاز ہیں، جن پر وہ ڈیٹا سائنسز کی مدد سے کام کرسکتے ہیں۔اقبال ٹائون کے رہائشی ان طلبہ کا کہنا ہے کہ ان کے والد چھوٹی سے دکان چلاتے تھے، وہ جگر کے کینسر میں مبتلا ہیں، یہی وجہ ہے کہ یہ دونوں بھائی ملازمت کرکے اپنے تعلیمی اور گھریلو اخراجات اٹھا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :