Live Updates

تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی الگ الگ نظریات رکھنے والی سیاسی جماعتیں ہیں، کسی سطح پر اتحاد ہوا اور نہ ہو سکتا ہے‘میاں محمود الرشید

ن) لیگ نظر نہ آنیوالی قوتوں کا نام بتا کیوں نہیں دیتی تاثر دیا جا رہا ہے سینٹ الیکشن میں سینیٹرز نہیں، ریاستی اداروں نے ووٹ ڈالے ثابت کردیں تحریک انصاف نے سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کی سیاست چھوڑ دونگا‘اپوزیشن لیڈر کی پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو

بدھ 14 مارچ 2018 14:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2018ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنما میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ (ن)لیگ نظر نہ آنیوالی قوتوں کا نام بتا کیوں نہیں دیتی تاثر دیا جا رہا ہے سینٹ الیکشن میں سینیٹرز نہیں، ریاستی اداروں نے ووٹ ڈالے، تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی الگ الگ نظریات رکھنے والی سیاسی جماعتیں ہیں، کسی سطح پر اتحاد ہوا اور نہ ہو سکتا ہے،ثابت کردیں تحریک انصاف نے سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کی سیاست چھوڑ دونگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز احاطہ اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ میاں محمودالرشید نے کہا کہ لگتا ہے سینٹرز نہیںجن بھوتوں نے سنجرانی کو چیئرمین سینٹ منتخب کرایا، عمران خان نے جو 13کے ہندسہ سے کھیلا وہ ن لیگ30اور پیپلز پارٹی20ووٹوں کے ساتھ بھی نہ کھیل سکی، عمران خان نے ثابت کر دکھایا کے وہ کمزور ٹیم کے ساتھ ورلڈ کپ اور کم ووٹوں کے ساتھ چیرمین سینٹ لا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ نواز شریف سمیت پوری مسلم لیگ ن نظر نہ آنیوالی قوتوں کا نام بتا کیوں نہیں دیتی ریاستی اداروں کیخلاف گھنائونا کھیل کھیلنے والے حقیقت کیوں تسلیم نہیں کر لیتے کہ انہوں نے کرپشن کی، ملکی وسائل کو لوٹا، عالمی سطح پر معاملہ اٹھا اور نواز شریف کے پاس صفائی میں کہنے کو کچھ نہیں تھا اسلئے نا اہل ہوئے،نواز شریف کیخلاف ہوا چل پڑی ہے لیکن ایسا تاثر دیا جا رہا ہے جیسے سینٹ الیکشن میں سینیٹرز نہیں، ریاستی اداروں نے ووٹ ڈالے، جنرل ضیا کی گود میں پلنے والے نواز شریف کے منہ سے جمہوریت کا راغ بے سرا لگتاہے جبکہ اس وقت مریم نواز چھوٹی تھیں نہیں جانتی ان کے بڑے ڈکٹیٹر کی پیداوار ہیں اسلئے بیرون ملک جائیداد کا حساب دینے کی بجائے جمہوریت جمہوریت کی رٹ لگا رکھی ہے، انہیں عوام سے خطاب کرنے سے پہلے شجرہ دیکھناچاہئے۔

تحریک انصاف جمہوری پارٹی ہے، آئین اور قانون کے تابع جماعت ہے، کسی غیر آئینی اقدام کی حمایت کی اور نہ ہی کرینگے۔ ایک سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی الگ الگ نظریات رکھنے والی سیاسی جماعتیں ہیں، کسی سطح پر اتحاد ہوا اور نہ ہو سکتا ہے اس پر کسی کو کوئی ابہام نہیں ہونا چاہئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات