رائے ونڈ ،مسلم کالونی کے مکین بنیادی سہولیات سے محروم ،احتجاجی مظاہرہ

بدھ 14 مارچ 2018 14:32

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2018ء) رائے ونڈ کی 20ہزار نفوس پر مشتمل آبادی مسلم کالونی زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ،مکینوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ کے گنجان آباد علاقہ مسلم کالونی کے رہائشی افراد نے ممبر قومی اسمبلی ملک افضل کھوکھر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم کالونی اور کرسچن کالونی میں ترقیاتی منصوبہ جات کی آڑ میں لوٹ مار کابازار گرم رکھا گیا ،من پسند ٹھیکیداروں کو کام دیکر ستیاناس کر دیا گیا ،کالونی کی گلیاں گندگی سے بھری رہتی ہیں سیوریج کے ناقص سسٹم سے مکینوںکا جینا دوبھر ہو گیا ہے پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی سے ہزاروں افراد پیٹ کے جملہ امراض میں مبتلا ہو چکے ہیں دس سالہ دور حکومت میں ملک افضل کھوکھر رائے ونڈ کی عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم نہیں کرسکا صرف وہی منصوبہ جات مکمل کروائے گئے ہیں جن میں کرپشن کا عنصر موجود تھا ۔

(جاری ہے)

پبلک ہیلتھ کے محکمہ سے کروائے گئے تمام منصوبہ جات میں میگا کرپشن ہوئی ہے جس کی تحقیقات ہونی چاہیے اربوں روپے رائے ونڈ پر خرچ ہونے کے باجود رائے ونڈ کی عوام کا معیار زندگی بہتر نہیں ہو سکا البتہ منتخب نمائندوں کے بنک اکائونٹس ضرور بڑھے ہیں ۔ مظاہرین نے کہا کہ بجلی کی لٹکتی تاریں ،واٹر سپلائی سسٹم ،سیوریج کا ناقص انتظام سمیت مردوں کیلئے قبرستان کی عدم دستیابی سب سے بڑا مسئلہ ہے ،مسیحی برادری اپنے مردوں کو دفنانے کیلئے شدید پریشان ہے 20ہزار نفوس پر مشتمل آبادی زندگی کی بنیادی سہولیات سے یکسر محروم ہے جس کے ذمہ دار ملک افضل کھوکھر ہیں جنہوں نے عوام کے بنیادی مسائل کو حل کروانے میں کوئی دلچسپی نہیں لی بلکہ نظر آنیوالے تمام منصوبہ جات مکمل کروائے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :