ڈرپ اریگیشن سسٹم لگانے پر دی جانے والی سبسڈی سے پیداوار میں اضافہ یقینی ہو گا، محکمہ زراعت

بدھ 14 مارچ 2018 14:21

فیصل آباد۔14 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء)محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ڈرپ اریگیشن سسٹم لگانے پر دی جانے والی سبسڈی سے پوری فصلات کو ایک ہی وقت پر پانی دینے سے فصلات کی پیداوار میں اضافہ یقینی ہو جائے گا اور تمام پودوں کو درست انداز میں پانی ملنے سے ان کی آبپاشی میں درپیش مشکلات سے بھی نجات حاصل ہو گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس نظام کے ذریعے پانی لگانے کے لیے درکار وقت بھی روائتی طریقہ آبپاشی کی نسبت کم ہوتا ہے ۔انہوںنے کہا کہ ایسی زمینیں جو غیر ہموار ، پوٹھوہاری یا ریگستانی ہوں وہاں ڈرپ اریگیشن سسٹم ایک بہترین نظام آبپاشی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت پانی کی کمی کے پیش نظر آبپاشی کیلئے جدید تکنیکی مدد فراہم کر ر ہی ہے تاکہ زرعی اجناس کی بمپر کراپس حاصل ہو سکیں۔انہوںنے کہا کہ حکومتی کوششوں سے فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد ، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ میں ڈرپ اریگیشن سسٹم پر کامیابی سے عملدر آمد جاری ہے۔