سیڈ کارپوریشن نے دالوں اورسبزیوں کا اعلیٰ معیار کا بیج رعایتی نرخوں پر فراہم کرنے کاآغاز کردیا

بدھ 14 مارچ 2018 14:17

فیصل آباد۔14 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء)سیڈ کارپوریشن نے کاشتکاروں کو دالوں اور سبزیوں کی پیداوار میں اضافہ کیلئے اعلیٰ معیار کا بیج رعایتی نرخوں پر فراہم کرنے کیلئے اقدامات کاآغاز کردیا ہے تاکہ غیر معیاری و ناقص کوالٹی کے حامل بیجوں کے استعمال سے کاشتکاروں کو پہنچنے والے مالی نقصان اور فصلات کی تباہی سے بچایاجاسکے۔

سیڈکارپوریشن فیصل آباد ریجن کے ذرائع نے بتایاکہ پنجاب سیڈ کارپوریشن سیڈ انڈسٹری میں لیڈر کا کردار ادا کر رہی ہے جبکہ بہتر معیار کے باعث پنجاب اور دیگر صوبوں میں پنجاب سیڈکارپوریشن کے معیاری بیجوں کی بہت مانگ ہے ۔انہوںنے کہاکہ گندم کے بیج کے لاکھوںبیگز کی ریکارڈ فروخت اس بات کا ثبوت ہے کہ کسان پنجاب سیڈ کارپوریشن کے تصدیق شدہ بیج پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ سیڈ کارپوریشن کسانوں کو دالوں اور سبزیوں کے معیاری اور سستے بیج فراہم کرنے کے منصوبہ پر جلد از جلد کام مکمل کرلے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال گندم کی ریکارڈ پیداوار حاصل ہونے کی امید ہے جس سے وزیر اعلیٰ پنجاب کا سبز انقلاب کا خواب ضرور پورا کیا جائیگا۔انہوںنے بتایاکہ کپاس اور چاول کے تصدیق شدہ بیج کی فروخت کیلئے بھی پنجاب سیڈ کارپوریشن نے تیاری شروع کر دی ہے۔