بھارت کے ساتھ مختلف ڈیموں کے ڈیزائن کے حوالے سے بات چیت کا آغاز جلد ہوگا

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید جاوید علی شاہ کا قومی اسمبلی میں جواب

بدھ 14 مارچ 2018 13:37

بھارت کے ساتھ مختلف ڈیموں کے ڈیزائن کے حوالے سے بات چیت کا آغاز جلد ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید جاوید علی شاہ نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ بھارت کے ساتھ مختلف ڈیموں کے ڈیزائن کے حوالے سے بات چیت کا آغاز جلد ہوگا۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر آبی وسائل سید جاوید علی شاہ نے ایک سوال کے جواب میں ایوان کو بتایا کہ بھارت کے ساتھ ڈیموں کے ڈیزائن کے حوالے سے بات چیت کا آغاز جلد ہوگا۔

(جاری ہے)

توقع ہے کہ بات چیت سے اس مسئلے کا حل نکل آئے گا۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل واٹر پالیسی مسودے پر عملدرآمد کی تجویز کردہ طریقہ کار کے مطابق 19 مختلف ادارے نگران ہوں گے۔ اس قومی پالیسی کی منظوری کے فوری بعد عملدرآمد کے لئے سٹیرنگ کمیٹی اپنے کام کا آغاز کردے گی۔ انہوں نے بتایا کہ چنیوٹ ڈیم منصوبہ فی الحال جائزہ کے مرحلے میں ہے‘ منصوبے پر عملدرآمد پی سی ون کی منظوری اور فنڈز کی تخصیص یا اجراء کے بعد شروع کیا جائے گا۔