جانوروں کو منہ کھر کی بیماری سے بچانے کیلئے حفاظتی ٹیکے لگوانے کی ہدایت

بدھ 14 مارچ 2018 13:01

فیصل آباد۔14 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء)محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ نے جانوروں کو منہ کھر کی بیماری سے بچانے کیلئے فوری طور پر حفاظتی ویکسین کے ٹیکے لگوانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ لائیو سٹاک فارمرز ماہ مارچ واپریل کے دوران مویشیوں کو منہ کھر کی بیماری سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی ویکسین کے ٹیکے لگوانا نہ بھولیں تاکہ جانوروں کو کسی بھی قسم کی پیچیدگی سے بچایا جا سکے۔

محکمہ کے ترجمان نے بتا یا کہ منہ کھر کا وائرس بھینسوں ، گائیوں ، بکروں اور دیگر جانوروں کے منہ کی جلد ، اوجھری ، معدہ اور کھروں کے درمیان کھال پر حملہ کرتا ہے جس کے باعث متاثرہ جانوروں کونہ صرف تیز بخار ہو جاتا ہے بلکہ وہ خوراک کھانا بند کر دیتے ہیں اور دودھ کی پیداوار میں بھی کمی ہونا شروع ہو جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ اس بیماری میں بھینسوں اور گائیوں میں زبان ، تالو ، مسوڑھوں ، ہوانہ ، کھروں کے درمیان چھالکے بن جاتے ہیں اسی طرح بھیڑ بکریوں میں چھالکوں کی جگہ منہ میں سرخ دھبے بنتے ہیں اور منہ سے رال ٹپکنا بھی شروع ہو جاتی ہے۔

انہوںنے بتا یا کہ تمام سرکاری ویٹرنری ہسپتالوں میں منہ کھر سے بچائو کی ویکسین بھاری مقدار میں موجود ہے لہٰذا لائیو سٹاک فارمرز یا دیگر افراد قریبی ویٹرنری سنٹر یا ویٹرنری ہسپتال سے رابطہ کر سکتے ہیں۔