اسلامی تعلیمات سے دوری کے باعث ہم معاشرتی زوال کا شکار ہیں، فاطمہ الزہرة ؓ کی زندگی مشعل راہ ہے، ناصر عباس جعفری

بدھ 14 مارچ 2018 13:01

ہری پور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ آغا ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ اسلامی تعلیمات سے دوری کی وجہ سے ہم معاشرتی زوال کا شکار ہیں، حضرت بی بی فاطمہ الزہرة ؓ کی زندگی ہمارے لئے نمونہ اور مشعل راہ ہے، ان کے نقش قدم پر چل کر ہم معاشرہ میں توازن پیدا کر سکتے ہیں۔ وہ ٹی ایم اے ہال ہری پور میں مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام سیرت بی بی فاطمہ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

قبل ازیں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ وحید عباس کاظمی، ڈی ایس پی شعبہ تفتیش شہزادی نوشاد گیلانی، اتحاد بین المسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل نیئر عباس جعفری، ڈسٹرکٹ کمیشن آن سٹیٹس فار ویمن کی چیئرپرسن ساجدہ حسرت خان، جماعت اہلنست کے راجہ شمیم انور، مسلم لیگ (ق) کے سید حامد شاہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مجلس کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقبال بہشتی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ علامہ ناصر عباس نے کہا کہ انسان ظاہری شکل و صورت میں تو انسان کی شکل میں ہی پیدا ہوتاہے لیکن باطنی طور پر وہ کتاب و حکمت کی تعلیم سے انسان بنتاہے، خود الله نے اس پورے جہاں کو متاع قلیل اور قرآن کو خیراً کثیرا قرار دیا اس لئے صاحب قرآن حضور پاک ؐ کی زندگی ہمارے لئے اسوہ حسنہ ہے، پھر جن لوگوں نے ان کی تقلید کر کے اپنی رضا کو الله کی رضا میں فنا کر دیا وہ امر ہو گئے اور یہ مقام عصمت ہے جن میں ہمارے پیارے نبی آخر الزمان ؐ کی پیاری اور لاڈلی بیٹی بی بی فاطمہ ؓ بھی ہیں ، یہ مقام عصمت کبرٰی ہے کہ بی بی فاطمہ نے عبادات اور معاملات زندگی میں ہر سطح پر نبی کی تقلید کا حق ادا کیا جو ہمارے لئے نمونہ اول ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین ان کے نقش قدم پر چل کر معاشرہ میں توازن پیدا کر سکتی ہیں کیونکہ آج عقل کی بجائے خواہشات نفسانی کے اسیر ہو کر ہم کرپشن، فساد، ظلم و زیادتی، ناانصافی اور دیگر بے شمار برائیوں کا شکار ہو کر معاشرتی طور پر عدم توازن کا شکار ہو چکے ہیں۔