ملائیشیا سے آئے سکھ یاتریوں کا 22 رکنی وفد کل لاہور روانہ ہوگا

بدھ 14 مارچ 2018 11:24

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) ملائیشیا سے آئے سکھ یاتریوں کا 22 رکنی وفد بدھ کو ننکانہ صاحب قیام کے بعد کل جمعرات کو لاہور روانہ ہوگا۔ گرمیت سنگھ کی قیادت میں یاتریوں کا ننکانہ صاحب پہنچنے پر بھرپور استقبال کیا گیا۔وفد نے یہاں قیام کے دوران مختلف گوردواروں کی یاترا کی۔ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے جنرل سیکرٹری گوپال سنگھ چاولہ اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے نگران عتیق گیلانی اور مقامی انتظامیہ نے وفد کا خیرمقدم کیا۔

سکھ یاتریوں نے ننکانہ صاحب میں شاندار استقبال اور جذبہ خیرسگالی کا خیرمقدم کیا اور بہترین انتظامات پر حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے مطابق سکھ یاتریوں کیلئے قیام و طعام اور سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ملائیشیا سے آئے یاتری امرتسر سے براستہ واہگہ بارڈر لاہور پہنچے جہاں بھرپور استقبال کے بعد انھیں حسن ابدال لایا گیا جو یاترا اور خصوصی عبادات کے بعد ننکانہ صاحب آئے ہیں جس کے بعد یاتری گوردوارہ درشن لاہور کا دورہ کریں گے اور رات بھر وہیں قیام کریں گے۔

تیسرے روز یاتری لاہور بھر کے گوردواروں بال لیلا صاحب، پتی صاحب، تمبو صاحب، ملیجی صاحب اور کیارا صاحب کا دورہ کریں گے اور رات کو وہیں قیام کریں گے۔ چوتھے روز یہ وفد ایمن آباد گوجرانوالہ گوردوارہ روڑی صاحب، فاروق آباد میں گوردوارہ سچا سودا صاحب اور نارووال پنڈ کے گودوارہ کرتارپور صاحب کا دورہ کریں گے اور کرتارپور صاحب میں ہی رات کو قیام کریں گے۔ پانچویں روز یہ وفد لاہور میں گوردوارہ ڈیرہ صاحب اور راجہ رنجیت سنگھ کی سمادھی کی یاترا کرے گا اور واہگہ بارڈر سے براستہ امرتسر واپس جائے گا۔

متعلقہ عنوان :