وفاقی ٹیکس محتسب نے زاہد ادریس مفتی ایڈووکیٹ کو ٹیکس ایڈوائزری کمیٹی کا ممبر نامزد کر دیا

بدھ 14 مارچ 2018 10:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) وفاقی ٹیکس محتسب نے ہزارہ ڈویژن کے سینئر وکیل زاہد ادریس مفتی ایڈووکیٹ کو پاکستان بھر کیلئے بنائی جانے والی ٹیکس ایڈوائزری کمیٹی کا ممبر نامزد کر دیا ہے۔ کمیٹی کے دیگر ممبران میں سرحد چیمبر کے صدر، مرکزی تنظیم آل پاکستان تاجران، صدر فرنٹیئر کسٹمز ایجنٹس گروپ، صدر پاک افغان چیمبر، صدر راولپنڈی چیمبر، صدر اسلام آباد چیمبر، مشہور و معروف چارٹرڈ اکائونٹنٹ بختیار کاظمی، سابق چیئرمین نیشنل ٹیرف کمیٹی پاکستان، سابق ایڈیشنل سیکرٹری کامرس، سابق صدر ویمن چیمبر اینڈ انڈسٹری، کامرس رپورٹرز، مختلف قومی اخبارات کے ممبران سمیت سٹاک ایکسچینج اور دیگر اہم کاروباری شخصیات شامل ہیں۔

ہزارہ ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے زاہد ادریس مفتی کی ایڈوائزری کمیٹی میں نامزدگی کو ہزارہ ڈویژن کیلئے ایک اعزاز قرار دیا ہے، ممبر نامزدگی زاہد ادریس کی اعلیٰ قابلیت اور صلاحیت کا اعتراف بھی ہے۔

(جاری ہے)

زاہد ادریس مفتی ایڈووکیٹ کی انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور دیگر اہم مقدمات میں ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے فیصلوں میں کامیابیاں ان کی پروفیشنل صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ زاہد ادریس مفتی کا تعلق ہزارہ کے ایک مشہور و معروف علمی و ادبی خاندان سے ہے، وہ مرحوم علامہ مفتی محمد ادریس ایڈووکیٹ کے فرزند ہیں۔