Live Updates

تحریک انصاف کی عمدہ کارکردگی کے بدولت جماعت کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے، اکبر ایوب خان

بدھ 14 مارچ 2018 10:50

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) صوبائی مشیر مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی عمدہ ترین کارکردگی کے باعث جماعت کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے، یونین کونسل سرائے نعمت خان میں اربوں روپے کی ترقیاتی سکیمیں ہماری سنہری کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، گھنٹوں کے پہاڑی سفر کو پانچ منٹ کی مسافت میں بدل دیا ہے، ماضی میں جبڑی جاتے وقت ہر ایک کے ماتھے پر پسینہ آ جاتا تھا، اپنے تمام انتخابی وعدوں کو 90 فیصد سے زائد پورا کر دیا ہے، 2018ء کا سال تحریک انصاف کی تاریخی کامیابی کا سال ثابت ہو گا، اہلیان جبڑی کو بارہ کروڑ کا بلیک ٹاپ روڈ مبارک ہو۔

وہ گذشتہ روز 12 کروڑ روپے کی خطیر لاگت سے نو تعمیر شدہ جبڑی سڑک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ممبر ضلع کونسل شوکت تاج اعوان، سابق نائب تحصیل ناظم امین خان آف بدہوڑہ، بابو اصغر اعوان، محمد صابر اعوان، محمد یونس، ماسٹر بنارس، ناظم حاجی پرویز، کنٹریکٹر بابو خان ترند، ملک عقیل ارشد اور عمائدین علاقہ کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔

سابق وزیر مملکت برائے خزانہ عمر ایوب خان نے بھی خصوصی شرکت کی۔ یوسف ایوب خان نے کہا کہ ہمارے منتخب ہونے سے قبل 10 سالہ دور میں یو سی سرائے نعمت خان کی کیا حالت تھی، اب اس کی ترقی بھی سب کو نظر آ رہی ہے، اس کی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے ہماری شبانہ روز محنت ہے، الیکشن 2018ء میں تحریک انصاف نہ صرف صوبہ بھر بلکہ مرکز میں بھی شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔

صوبائی مشیر مواصلات اکبر ایوب خان نے کہا کہ ہماری وہ واحد حکومت ہے جس نے صحت، تعلیم، محکمہ مال اور پولیس میں نمایاں تبدیلی لا کر عوام کو ریلیف دیا ہے، ضلع ہر ی پور میں روڈ نیٹ ورک پر اربوں روپے کی فنڈنگ ہوئی ہے، حطار انڈسٹریل زون فیز سیون اور آٹھ بیروزگاری ختم کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ اکبر ایوب خان نے کہا کہ ہمیں حلقوں کی تبدیلی سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ضلع ہری پور کے کسی بھی حلقہ سے الیکشن میں حصہ لیکر عوام کی محبتوں کے نتیجہ میں ناقابل فراموش کامیابی حاصل کریں گے کیونکہ ہمارا منشور عوام کی خدمت ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :