ہری پور شہر کی خوبصورتی کیلئے اقدامات جاری ہیں، اے ڈی سی سیف الاسلام

بدھ 14 مارچ 2018 10:50

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہری پور سیف الاسلام نے کہا ہے کہ ہری پور کی ضلعی انتظامیہ نے ہری پور کی تعمیر و ترقی کے علاوہ شہر کی خوبصورتی کیلئے مختلف قسم کے اقدامات شروع کر رکھے ہیں، رنگ دے ہری پور جیسے منفر د منصوبوں کو اب پورے صوبہ میں اپنایا جا رہا ہے، اسی طرح ضلع ہری پور میں صفائی کے حوالہ سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی ہدایت پر صفائی مہم کو ماہانہ بنیاد پر منانے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے، اگر صفائی کے نظام کے ذریعہ عوام کو سہولت ملے تو اس سے بہتر کوئی کام نہیں ہو سکتا، اس میں زیادہ تر تعاون تاجر برادری نوجوانوں سکول کالجز کے طلبہ، سول ڈیفنس کے لوگوں اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والوں کا ہوتا ہے جو اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان مقاصد کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے اس کا آغاز کر دیا ہے جو غازی سے شروع کیا گیا ہے اور اب ہری پور میں ہے، رواں ہفتہ خانپور میں شروع کیا جائے گا۔ مہم کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور جتنی بھی ٹیمیں ہوں گی ان میں سے بہترین کارکردگی دکھانے والی ٹیم کو ڈپٹی کمشنرہری پور 20 ہزار روپے انعام دیں گے جو ایک ماڈل سیکٹر کی ماڈل ٹیم ہو گی، اس طرح کی تقریبات ہر ماہ منعقد ہوں گی جن کو باقاعدہ طور پر مانیٹر کیا جائے گا اور ضلع ہری پور صفائی کے حوالہ سے کسی سے کم نہیں ہو گا۔