ڈسٹرکٹ انٹر کلب کرکٹ چیمپئن شپ کا فائنل اتمان کلب اور فرینڈز لائن کے مابین ہو گا

بدھ 14 مارچ 2018 10:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) ڈسٹرکٹ انٹر کلب کرکٹ چیمپئن شپ کا فائنل اتمان کلب اور فرینڈز لائن کے درمیان ایچ سی اے کرکٹ گرائونڈ پر کھیلا جائے گا، پہلے سیمی فائنل میچ میں اتمان کلب نے سپر سٹار کلب کو جبکہ دوسرے سیمی فائنل میچ میں فرینڈز لائن کلب نے لکی سٹار کلب کو شکست دیدی۔ ہری پور کرکٹ کلب کے زیراہتمام ڈسٹرکٹ انٹر کلب کرکٹ چیمپئن شپ 2017ء کے پہلے سیمی فائنل میچ میں سپر سٹار کرکٹ کلب نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 30 اوورز میں 183 رنز سکور کئے جس میں سمیر احمد نے 40 رنز، اعجاز نے 38 اور محسن نے 25 رنز سکور کئے جبکہ اتمان کلب کی طرف سے بائولنگ کرتے ہوئے سلیم خان نے چار وکٹ اور فیضان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

بعد میں اتمان کلب نے مطلوبہ سکور 9 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے میچ جیت لیا۔

(جاری ہے)

اتمان کلب کی طرف سے اویس خان نے 74 رنز ناٹ آئوٹ اور اسد نے 42 رنز سکور کئے جبکہ سپر سٹار کی طرف سے بائولنگ کرتے ہوئے عمیر خان نے چار اور سمیر احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔ چیمپئن شپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں فرینڈز لائن کلب نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 30 اوورز میں 214 رنز سکور کئے جس میں شہزاد احمد نے 60 رنز، انیس اعظم نے 62 اور ذیشان نے 19 رنز سکور کئے جبکہ لکی سٹار کی طرف سے عقیل نے چار اور شعیب نے دو وکٹیں حاصل کیں، بعد میں لکی سٹار کی پوری ٹیم 167رنز پر آئوٹ ہوگئی جس میں ساجد زرین نے 48 اور ناصر نے 31 رنز سکور کئے جبکہ فرینڈز لائن کی طرف سے بائولنگ کرتے ہوئے کامران نے تین وکٹیں جبکہ ذیشان نے بھی تین وکٹیں حاصل کیں۔

اس طرح یہ میچ فرینڈز لائن نی47 رنز سے جیت لیا۔ سیکرٹری ایچ سی اے شوکت عزیز کے مطابق جاری ڈسٹرکٹ انٹر کلب چیمپئن شپ کا فائنل اتمان کلب اور فرینڈز لائن کے درمیان ایچ سی اے کرکٹ گرائونڈ پر منعقد ہو گا۔

متعلقہ عنوان :