سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے ایران اور سعودی عرب کے مابین تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے موثر کوششیں کیں،اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں،پاکستان کے خلاف سرگرمیوں کے لیے اپنی سرزمین کے استعمال کی اجازت نہیں دیں گے، ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 14 مارچ 2018 00:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کے خلاف سرگرمیوں کے لیے اپنی سرزمین کے استعمال کی اجازت نہیں دے گا اور نہ ہی پاکستان ایران اور ایرانی مفادات کو نقصان پہنچائے گا۔

بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو جسے مارچ 2016 میں پاکستان نے ایرانی سرحد سے گرفتار کیا تھا کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ایران نے پاکستان کے ساتھ تمام معلومات اور انٹیلی جنس شیئرنگ کی ہے۔ پاک ایران گیس پائپ لائن کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ دونوں ملکوں کے مفاد میں تھا، اس ضمن میں ہم نے اپنا کام کیا اور منصوبے پر تقریبا 2 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری کی۔

(جاری ہے)

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر تبصرہ کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ خطے میں بنیادی ڈھانچے کا فروغ انتہائی ضروری ہے اور یہ منصوبہ پورے خطے کے مفاد میں بہتر ہے جس سے پورے خطے کے لوگ مستفید ہوں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے ایران اور سعودی عرب کے مابین تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے موثر کوششیں کیں۔ انہوں نے مذید کہا کہ پاکستان اور ایران دونوں علاقائی استحکام، ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔