تھانہ نصیرآباد کی حدود میں ڈکیتی کی واردات، مزاحمت کے دوران 22سالہ نوجوان فائرنگ سے جاں بحق

بدھ 14 مارچ 2018 00:00

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2018ء) تھانہ نصیرآباد کی حدود میں ڈکیتی کی واردات میں مزاحمت کے دوران 22 سالہ نوجوان فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا ہے جبکہ ڈاکو قیمتی موبائل فون اور نقدی رقم لے کر فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق آن لائن ٹیکسی کے 22سالہ نوجوان ڈرائیور نے پیر اور منگل کی درمیانی شب مصریال روڈ دیوان خاص شادی ہال کے سامنے سے سواری اٹھائی تو نواحی قصبہ لکھو میں ڈاکوئوں نے اسے لوٹنے کی کوشش کی جس پر بائیس سالہ سجاول نے مزاحمت کی تو ڈاکوئوں نے فائرنگ کر دی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں مقامی شہریوں کی جانب سے نوجوان کوہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ ملزمان نے نوجوان سے موبائل فون اور نقدی چھین لئے تھے جبکہ پولیس کی جانب سے ناکہ بندی کرنے پر گاڑی چوہڑ چوک میں چھوڑ گئے تھے۔ تھانہ نصیرآباد کے ایس ایچ او چوہدری اختر کا کہنا ہے کہ گاڑی قبضہ میں لے کر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے شروع کر دیئے گئے ہیں۔ مقتول اور گاہک کے موبائل فونز کا ریکارڈ اکٹھا کیا جا رہا ہے اور جلد واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول نوجوان بھکر کا رہائشی تھا مقدمہ گاڑی کے مالک کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ میں ڈکیتی اور قتل کی دفعہ شامل ہے۔