بٹگرام کی ضلعی انتظامیہ نے اسٹامپ پیپرز کی ای۔ ویری فکیشن (کمپیوٹرائزڈ اجراء اور تصدیق) کا نظام رائج کر دیا

منگل 13 مارچ 2018 23:40

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2018ء) بٹگرام کی ضلعی انتظامیہ نے اسٹامپ پیپرز کی ای۔ ویری فکیشن (کمپیوٹرائزڈ اجراء اور تصدیق) کا نظام رائج کر دیا ہے۔ اس نظام سے اسٹامپ پیپرز کی خریدوفروخت میں بے قاعدگیوں اور خصوصاً گذشتہ تاریخوں میں اسٹامپ پیپرز کے اجراء اور تصدیق سے عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات پر پڑنے والے منفی اثرات اور دھوکہ دہی وغیرہ کا راستہ روکا جا سکے گا۔

الیکٹرانک تصدیق کے نظام کا آغاز ڈپٹی کمشنر بٹگرام فرل ثقلین نے منگل کو اپنے دفتر میں نظام کیلئے خصوصی طور پر تیار کرائے گئے سافٹ ویئر کو فعال کر کے کیا۔ ڈپٹی کمشنر بٹگرام نے ای۔ تصدیق کے نظام کی ضرورت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ عدالتوں میں زیر سماعت بے شمار مقدمات کی ایک وجہ گذشتہ تاریخوں میں جاری شدہ تحریر شدہ اور تصدیق شدہ اسٹامپ پیپروں سے پیدا ہونے والی پیچیدگیاں ہیں کیونکہ اس وقت تک ایسا کوئی نظام موجود نہیں تھا جس سے اسٹامپ پیپرز کی تاریخ اور مقام اجراء یا متعلقہ خزانہ دفتر کی تصدیق کی جا سکے جبکہ ای۔

(جاری ہے)

تصدیق کے کمپیوٹرائزڈ نظام سے شہریوں کو شفاف طریقہ سے تصدیق کی سہولت دستیاب ہو گی اور اس سے دھوکہ دہی اور ناجائز بیانات، معاہدوں، اقرار ناموں وغیرہ کا قلع قمع کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ای۔نظام کے تحت خزانہ سے اسٹامپ فروش کو جاری کئے گئے اسٹامپ پیپرز کی تفصیل اب الیکٹرانک نظام میں موجود ہو گی جس میں سٹامپ پیپرز کا سیریل نمبر اور اسٹامپ فروش کا نام بھی شامل ہو گا۔

اسٹامپ فروش فروخت کئے گئے ہر سٹمپ پیپر کے خریدار اور تاریخ خریداری کے بارے میں تفصیل روزانہ کی بنیاد پر ڈی سی آفس کو فراہم کر ے گاجہاں یہ تفصیل سسٹم میں شامل کی جائے گی، کو ئی بھی شہری ایسے اسٹامپ پیپر کی معلومات حاصل کرنے کیلئے اسٹامپ پیپر کا سیریل نمبر لکھ کر ایس ایم ایس کرے گا جس کے جواب میں ای۔تصدیق کا نظام سائل کو تمام معلومات فوراً فراہم کر دے گا۔ توقع کی جاری ہے کہ ای۔ تصدیق کے نظام سے گذشتہ تاریخوں میں اسٹامپ پیپر فروخت کرنے کا راستہ مکمل طور پر بند ہو جائے گا۔