براہوئی ادبی سوسائٹی کی چالیسویں سالگرہ کے موقع پر دو ر دراز کے علاقوں ادباء و شعراء کو مدعو کیا جائے گا،

دو روزہ تقریبات کو شایان شا ن طریقے سے منانے کے لئے بہت جلد کمیٹیاں تشکیل دی جائیںگی،چیئرمین عبدالقیوم بیدار

منگل 13 مارچ 2018 23:17

کوئٹہ۔13مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2018ء)چیئرمین عبدالقیوم بیدارنے کہاکہ اس مرتبہ براہوئی ادبی سوسائٹی کی چالیسویں سالگرہ کے موقع پر دو ر دراز کے علاقوں ادباء و شعراء کو مدعو کیا جائے گا اور دو روزہ تقریبات کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے بہت جلد کمیٹیاں تشکیل دی جائیگی۔ براہوئی ادبی سوسائٹی پاکستان کوئٹہ کا ایک اہم اجلاس چیئرمین عبدالقیوم بیداری زیرصدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں سوسائٹی کے عہدیداروں او ر اراکین نے شرکت کی ۔ اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابرؔ ، افضل مرادؔ ، وحید زہیر ؔ ، نور خان محمد حسنی ، حنیف ، اے ڈی بلوچ ، عزیز بیدار مطلب مینگل ، جمیل احمد نے شرکت کی اس موقع پر براہوئی ادبی سوسائٹی کی 31مارچ کو چالیسویں سالگرہ کے پروگراموں کے انعقاد کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ براہوئی ادبی سوسائٹی کی چالیس سالہ کارکردگی کے حوالے سے ایک کارکردگی رپورٹ شائع کی جائے گی ۔

اور اس حوالے سے ایک ڈاکو منٹری بھی بنائی جائے گی جو 31مارچ کے پروگراموں میں حاضرین کو دکھائی جائے گی ۔ اس کے علاوہ کتابوں کی تقریب رونمائی، محفل مشاعرہ، اسٹیج ڈرامہ، محفل موسیقی بھی تقریبات کا حصہ ہونگی ۔ اس حوالے سے جلد بلوچستان کی اہم شخصیات اور تنظیموں کو باقاعدہ دعوت نامے ارسال کئے جائیں گے ۔ اجلاس میں کہاگیا کہ براہوئی ادبی سوسائٹی کی یہ تاریخ رہی ہے کہ اس نے ہمیشہ ادب اور فنون میں رجحان ساز ادارے کا کام کیا ہے اس لئے ان پروگراموں کو حاضرین کے لئے زیادہ سے زیادہ دلچسپ بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔

ایگزیکٹو باڈی کے ممبر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کہاکہ 1978ء میں جب ہمارے کچھ دوستوں نے ادب کی ترویج کے لئے براہوئی ادبی سوسائٹی کی داغ بیل ڈالی اور یہ امر باعث اطمینان ہے کہ گذشتہ چالیس سالوں میں اس ادارے نے اسٹیج ڈرامہ ، مشاعروں ، مذاکروں ، محفل موسیقی ، کتب کی اشاعت کے ساتھ ساتھ ادب میں نئی اصناف اور رجحانات متعارف کروانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوسائٹی کی چالیسویں سالگرہ کی تقریبات کو زیادہ دلچسپ اور شایان شان بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔ اجلاس میں سوسائٹی کے ایگزیکٹو باڈی کے ممبر نادر شاہوانی کی والدہ ، پشتو کے نامور شاعر ادیب عابد شاہ عابد کے بھائی اور ان کی بہن کے انتقال پر مرحومین کی ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔