اپ لفٹ اینڈ بیوٹیفیکیشن پراجیکٹ حکومت خیبر پختونخوا کا ایک منفرد منصوبہ ہے ۔ڈپٹی کمشنر کوہاٹ

منگل 13 مارچ 2018 23:04

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2018ء) ڈپٹی کمشنرکوہاٹ خالد الیاس نے کہاہے کہ اپ لفٹ اینڈ بیوٹیفیکیشن پراجیکٹ حکومت خیبر پختونخوا کا ایک منفرد منصوبہ ہے جسے براہ راست چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اورمتعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزکے زیرنگرانی ایک مخصوص مدت میںمکمل کرنے کا ہدف ہے اس منصوبے میں تاخیر اور نہ ہی کام کے معیارپر کوئی سمجھوتہ ممکن ہے لہذا سرکاری حکام اور ٹھیکیدار اسے سنجید گی سے لیں انہوں نے متنبہ کیا کہ کام کامعیاربرقرار نہ رکھنے اور مقررہ مدت میں منصوبہ مکمل نہ کرنے والے ٹھیکیداراور سرکاری افسر/اہلکار کے خلاف برابر کارروائی ہوگی۔

وہ منگل کے روز اپ لفٹ اینڈ بیوٹیفیکیشن پراجیکٹ کوہاٹ کے تحت جاری منصوبوں کے معائنے کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوںنے اس موقع پرمتعلقہ حکام اور ٹھیکیداروں کے ہمراہ پختونخوا ہائی وے اتھارٹی کے زیر اہتمام راولپنڈی روڈ کی خوبصورتی کے منصوبے، محکمہ آبپاشی کے زیر اہتمام مرکز روڈ نہر کی خوبصورتی، مرکز روڈ نکاسی آب ،کھٹہ جنگ نالی کی کشادگی و خوبصورتی اور ٹی ایم اے کے زیر اہتمام پرانا اڈہ کی بحالی و خوبصورتی، قلعہ گراؤنڈ میں گروپ لیٹرین کی تعمیر اور بوناشریف قدرتی چشمہ جات کی تزئین وآرائش کے منصوبوں پر کا م کے معیار اور رفتار کا بذات خود جائزہ لیااور کہا کہ اگر کوئی بھی منصوبہ پی سی ون اورمطلوبہ ڈیزائن کے مطابق نہ پایا گیا تو اسے دوبارہ نئے سرے سے تعمیر کرناہوگا۔

یادرہے کہ مذکورہ پراجیکٹ کے لئے 80کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے جسے اب بڑھاکر 1ارب 20کروڑ روپے کر دیئے گئے ہیں ۔ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس نے کہاکہ اس پراجیکٹ کی سکیموں میں ردوبدل،توسیع ،مدت تکمیل یا تخمینہ لاگت میں اضافے کی کوئی گنجائش نہیں اور ہرٹھیکیدارنے کام کے معیار پر سمجھوتہ کئے بغیر اس کو ہر حال میں وقت مقررہ میں مکمل کرناہے۔