طلبہ ہم نصابی اور صحت مندانہ سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں،مظفرسید

منگل 13 مارچ 2018 23:04

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2018ء)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ اپنی نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیل جیسی ہم نصابی اور صحت مندانہ سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں کیونکہ کسی بھی معاشرے میں کھیلوں کا فروغ اس معاشرے کی تندرستی اور ذہنی صحت مندی کی علامت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کو اولیت دے رہی ہے اور اس سلسلے میں نہ صرف کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں بلکہ صوبہ بھر میں تحصیل کی سطح پر کھیلوں کے معیاری میدان بنائے جا رہے ہیں تا کہ مقامی سطح پر نوجوانوں کو کھیل کھود کی سرگرمیوں کیلئے ساز گار ماحول میسر ہو ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج دیر پائیں تالاش میںسرچنارونوں کے مقام پر منعقدہ کرکٹ ٹورنمنٹ کی اختتامی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلعی کونسلر حاجی فضل قادر کے علاوہ جماعت اسلامی کی مقامی قیادت ، معززین علاقہ اور کھلاڑیوں کی کثیر تعدا موجود تھی۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر فائنل میچ میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے کھلاڑیوں کو بہترین کارکردگی پر داد دی۔

انہوں نے فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافیاں بھی تقسیم کیں۔ صوبائی وزیر نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہوتی ہے اور اس کے ذریعے نوجوانوںمیں مزید ہمت کا جذبہ اور ولولہ پید ہوتاہے۔ انہوں نے کہا کہ دیر پائیں کا علاقہ کھلاڑیوں کے حوالے سے انتہائی ذرخیز ہے اور اس طرح کی سرگرمیوں کے انعقاد سے کھلاڑیوں اور نوجوانوں میں پوشیدہ قدرتی صلاحیتیں سامنے آئیں گی۔ صوبائی وزیر نے ٹورنمنٹ کے انعقاد پر منتظمین کی کوششوں کو بھی سراہا۔