کتب بینی کے شوق و ذوق کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے ،عنایت اللہ

منگل 13 مارچ 2018 23:04

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2018ء)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ نے کہا ہے کہ کتب بینی کے شوق و ذوق کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ کتابوں سے دوری نے ہماری نئی نسل کو نہ صرف علم و ادب سے دور کر دیا ہے بلکہ اس کی سوچ اور فکر کو بھی کافی حد تک متاثر کیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت صوبے میں تحصیل ہیڈ کوارٹر کی سطح پر پبلک لائبریری کے قیام کا ارادہ رکھتی ہے جس کیلئے فنڈز کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیوٹا ہال یونیورسٹی آف پشاور میں اسلامی جمعیت طلباء اور نیشنل بک فائونڈیشن کے زیر اہتمام منعقدہ کتب میلے کے موقع پر ایک تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پروفیسر نور محمد ، پروفیسر عارف ، ناظم کیمپس اول شیر، ناظم جاوید سہیل اور طلباء اور طالبات بھی موجود تھے ۔ سینئر وزیر نے کہا کہ علم مسلمانوں کی میراث ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ فی زمانہ ہم اس پر مناسب توجہ نہیں دے رہے ہیںجو کسی المیہ سے کم نہیں ۔

سینئر صوبائی وزیر نے کتب میلے کے منتظمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں مشورہ دیا کہ وہ کتابوں کے ساتھ ساتھ ای بک ٹیکنالوجی کے بھی یقینی بنائیں تا کہ اہل ذوق، ادب سے وابستہ افراد اور خاص کر طلباء اور عام لوگوں کی مختلف علوم تک با آسانی رسائی ہو سکے اور وہ اپنے وژن ، سوچ و فکر کو وسعت دے سکیں۔ سینئر وزیر نے کہا کہ علم کے حصول کے لئے میں شاٹ کٹ کا کوئی تصور نہیں اور قوموں کی ترقی کا راز با معنی تعلیم کے حصول میں مضمر ہے ۔

عنایت اللہ نے کہا کہ آج کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیںہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کی درست سمت میں رہنمائی کی جائے۔بعد ازاں سینئر وزیر نے کتب میلے میں رکھی گئی مختلف کتابوں کا معائنہ کیا اور بعض کتابوں کا مطالعہ کیا اور کتب میلے کے انعقاد کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ صوبے میں اس طرح کی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا۔

دریں اثناء سینئر وزیر بلدیات عنایت اللہ نے پشاور میں ویلج و نیبر ہوڈ کونسلز کے ترقیاتی فنڈز کے استعمال سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت دی کہ محکمے کے متعلقہ حکام حکومتی ہدایات کے مطابق 60 فیصد سے زائد ترقیاتی فنڈ کے استعمال کو یقنی بنائیں تا کہ لوگوں کو انکی دہلیز پر بہتر انداز میں میونسپل سہولیات با آسانی میسر ہو سکیں۔

انہوںنے مزید کہاکہ ترقیاتی فنڈز کے اہداف کے حصول میں کامیاب افسران کو حوصلہ افزائی کا سرٹیفیکیٹ دیا جائیگا۔ اجلاس میں ویلج و نیبر ہوڈ کونسلوں کے ترقیاتی فنڈز ، کونسلز و سیکرٹریز کے مسائل و شکایات و کارکردگی پر بھی ڈی جی بلدیات عامر لطیف نے تفصیلی روشنی ڈالی ۔ سینئر وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کیلئے بروئے کار لا رہی ہے تا کہ عوام کے ساتھ ماضی میں ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ ہو سکے ۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندے عوامی مسائل کے حل میںاپنا مثبت کردار اچھے طریقے سے ادا کر رہے ہیں لہذا افسران اور منتخب نمائندوں کو مفاد عامہ کی سکیمیں بروقت مکمل کرنے کیلئے باہمی روابط اور مشاورت کو یقینی بنانا چاہئیے تاکہ بلدیاتی ادارے مستقبل میں مزید فعال انداز میں فلاحی خدمات سر انجام دے سکیں۔