جدید پولیسنگ کے اصولوں کے مطابق ہونے والی بروقت آئی ٹی اصلاحات نے پنجاب میں تھانہ کلچر تبدیلی کی طرف گامزن ہے،

عوام کے جان و مال کے تحفظ ،سماج دشمن عناصر اور دہشت گردتنظیموں کی سرکوبی کیلئے زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت کریک ڈائون جاری ہے ، آئی جی پنجاب

منگل 13 مارچ 2018 22:48

جدید پولیسنگ کے اصولوں کے مطابق ہونے والی بروقت آئی ٹی اصلاحات نے ..
لاہور۔13 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ جدید پولیسنگ کے اصولوں کے مطابق ہونے والی بروقت آئی ٹی اصلاحات نے پنجاب میں تھانہ کلچر تبدیلی کی طرف گامزن ہے، عوام کے جان و مال کے تحفظ ،سماج دشمن عناصر اور دہشت گردتنظیموں کی سرکوبی کیلئے زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت کریک ڈائون جاری ہے ، نیشنل ایکشن پلان پرعمل در آمدکے انتہائی مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور پنجاب کے تمام اضلاع میں عوام کی سہولت کیلئے پولیس خدمت سنٹرز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں عوام کو ایف آئی آر کاپی ، پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ ، کرایہ داری رجسٹریشن سمیت تیرہ مختلف سہولیات ایک ہی چھت تلے حاصل ہو رہی ہیں ، فورس کی استعداد کار بڑھانے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات جاری ہیں اور سپیشلائزڈیونٹس جیسا کہ سی ٹی ڈی ، ایس پی یو ، ڈولفن ، پیرو ،ریورائن اور اینٹی رائٹس فورس کی تشکیل سے پنجاب پولیس کی کارکردگی میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں 108ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے 52 رکنی وفد میں شامل سینئر افسران کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی آپریشنز عامر ذوالفقار خان ، ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی امجد جاوید سلیمی ، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق مسعود یٰسین ، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ فیصل شاہکار، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے طاہر ، ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ بی اے ناصر سمیت دیگر اعلی افسران موجود تھے ۔

ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب عامر ذوالفقار خان نے وفد کے شرکاء کو پنجاب پولیس کے آپریشنل طریقہ کار اور آئی ٹی ریفارمز کے ساتھ ساتھ لا ء اینڈ آرڈر ، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات پر بریفنگ دی ۔ انہوں نے شرکا ء کو نیشنل ایکشن پلان کے سلسلے میں دہشت گرد عناصر کے خلاف جاری کاروائیوں ، بین الصوبائی چیک پوسٹوں ، سپیشل پروٹیکشن یونٹ ، پی ایچ پی ، ریورائن فورس اور اینٹی رائٹس فورس کی کارکردگی کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا کہ پنجاب پولیس کی بہترین حکمت عملی اور بروقت کاروائیوں کی بدولت صوبے کے مختلف اضلاع میں دہشت گردی ، اغوا ء برائے تاوان ، قتل اور ڈکیتی سمیت دیگر جرائم میں خاطر خواہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے شروع کئے گئے فرنٹ ڈیسک ، پولیس خدمت مراکز ، کریمنل ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم اور 8787کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم سمیت دیگر پراجیکٹس نے پولیس نظام کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کردیا ہے ۔ اس موقع پر شرکا ء نے ٹریفک مینجمنٹ ، بچوں پر جنسی تشدد، انویسٹی گیشن طریقہ کار اور کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن کے متعلق سوالات پوچھے جن کے جوابات دیتے ہوئے آئی جی پنجاب نے انہیں بتایا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں نیشنل ایکشن پلان پر اسکی روح کے مطابق عمل در آمد جاری ہے ، لائو ڈ اسپیکر ایکٹ اور فنڈ ریزنگ پر پابندی پر عمل در آمد کو سختی سے یقینی بنایا جارہا ہے اورجرائم پیشہ گروہوں کے خلاف دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ انٹیلی جنس شیئرنگ سے باقاعدہ حکمت عملی کے تحت اقدامات جاری ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں پولیس کے ہیومن ریسورس کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کیلئے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔بریفنگ کے بعد وفد کے شرکا کو سی پی او کے مختلف پراجیکٹس مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول روم ، 8787آئی جی پی کمپلینٹ سروس اور فرنٹ ڈیسک مانیٹرنگ ، ہیومن ریسورس مینجمٹ سسٹم کا دورہ بھی کروایا گیا ، بعد ازا ں آئی جی پنجاب نے وفد کے سربراہ کو پنجاب پولیس کی جانب سے روایتی سووینیئر بھی پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :