انڈس موٹرز کیلئے میپ کارپوریٹ ایکسیلینس ایوارڈ

منگل 13 مارچ 2018 22:34

انڈس موٹرز کیلئے میپ کارپوریٹ ایکسیلینس ایوارڈ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2018ء) انڈس موٹر کمپنی کو سال 2017 میں کاروباری امور میں بہترین انتظامی کارکردگی دکھانے پر مینجمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان(میپ) کی جانب سے مجموعی طور پر صنعتی شعبے کے زمرے میں ’’کارپوریٹ ایکسی لینس‘‘ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس 33ویں(میپ)کارپوریٹ ایکسی لینس ایوارڈ کا مقصد ایسی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جو انتظامی امور میں بہترین کارکردگی اور ترقی کے حامل طریقہ کار پر عمل کرتی ہیں، اس سال اور آئندہ بھی صنعتی زمرے میں دیئے جانے والے ایوارڈ کا نام صنعتی خدمات کے اعتراف میں عامر ایس چنائے کے اعزاز میں دیا جارہا ہے اور اب ’’ عامر ایس چنائے کارپوریٹ ایکسی لینس ایوارڈ‘‘ کہلایا جائے گا۔

آئی ایم سی پاکستان میں کار ساز بڑے اداروں میں سے ایک اور پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والی کمپنیوں میں سے ایک ہے ۔ یہ تیسری بار ہے کہ مجموعی طور پر پورے صنعتی زمرے میں آئی ایم سی کو کارپوریٹ ایکسی لینس ایوارڈ دیا گیا ہے، قبل ازیں آئی ایم سی کو کئی بار کار مینوفیکچررز اور آٹو پارٹس کے زمرے میں کارپوریٹ ایکسی لینس ایوارڈز دیئے گئے تھے۔