بہار الدین شیخ مہاجر اتحاد تحریک سے لاتعلق ہوگئے

اپنے آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان ساتھیوں سے مشاورت کے بعد کروں گا، بہار الدین شیخ

منگل 13 مارچ 2018 22:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء) بہار الدین شیخ مہاجر اتحاد تحریک سے لاتعلق ہوگئے۔ مہاجر اتحاد تحریک کے سینئر رہنما بہار الدین شیخ نے ایم آئی ٹی کے 34 ویں یوم تاسیس کے موقع پر تنظیم میں نظم وضبط کے فقدان اور یکطرفہ فیصلوں، آج تک مرکزی دفتر قائمہ کرنے، کارکنوں کی حوصلہ شکنی پر دلبرداشتہ ہو کر مہاجر اتحاد تحریک سے لاتعلقی کا اعلان کردیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مہاجر قوم پر ظلم وستم اور انہیں یرغمال بنانے والوں سے ذاتی تعلقات قائم کئے جارہے ہیں۔ بہار الدین شیخ نے کہا کہ 33 سال تک ایم کیو ایم اور اس کے نظریے اور مہاجر دشمن پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھاتے رہے۔ اب ان سے ہمدردی پیدا کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاجر نام پر سیاست کرنے والے رہنما اور تنظیمیں قوم سے مخلص نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم آئی ٹی سے 34 سالہ وابستگی میں ان پر قاتلانہ حملہ، جیلوں کی صعوبتیں، ایم کیو ایم کی آئے دن کی دھمکیوں سمیت اپنا مستقبل دائو پر لگادیا ہے۔ اپنے آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان ساتھیوں سے مشاورت کے بعد کروں گا۔