سپیکر قومی اسمبلی سے ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات باہمی تعلقات ،خطہ کے مسائل اور امن و استحکام پر تبادلہ خیال

پاکستان مسلم ممالک میں اتحاد پر یقین رکھتا ہے،امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے پاکستان اور ایران کو قریبی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ،سردار ایاز صادق ایران خطے میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کو اپنا شراکت دار سمجھتا ہے ،امید ہے مستقبل میں دونوں ممالک مل کر امن و خوشحالی کے راستے میں آگے بڑھیں گے،محمد جوادظریف

منگل 13 مارچ 2018 22:16

سپیکر قومی اسمبلی سے ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات باہمی تعلقات ،خطہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم ممالک میں اتحاد پر یقین رکھتا ہے،امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے پاکستان اور ایران کو قریبی تعاون کو فروغ دینے ،عالمی اہمیت کے حامل معاملات پر اتفاق رائے کیساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے جبکہ ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران خطے میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کو اپنا شراکت دار سمجھتا ہے ،امید ہے مستقبل میں دونوں ممالک مل کر امن و خوشحالی کے راستے میں آگے بڑھیں گے۔

منگل کو ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف سے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی تعلقات اور خطہ کے مسائل ،امن و استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد اور پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنر مند دوست بھی موجود تھے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون پر زور دیتے ہوئے اعلی سطح پر وفود کے تبادلوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے باہمی مفادات کیلئے دونوں ممالک تجارت سر مایہ کاری توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے رابطوں کو جاری رکھیں گے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان مسلم ممالک میں اتحاد پر یقین رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عالمی اہمیت کے حامل معاملات پر بھی دونوں ممالک کو اتفاق رائے کیساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خطہ میں ہم آہنگی کو فروغ دینے کے پاک ایران پارلیمانی رابطوں میں اضافہ کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی و دوطر فہ تعلقات کو مستحکم بنانے سمیت تمام شعبوں بشمول تجارتی و اقتصادی تعاون فروغ کو دینے کیساتھ سرحدی اور سیکیورٹی معاملات پر بات چیت میں اضافہ کیلئے سپیکر قومی اسمبلی کی کوششوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے ایرانی قیادت اور حکومت کی طرف سے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے کوششوں کو جاری رکھنے کی خواہش کا پیغام بھی سپیکر کو پہنچایا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہاکہ ایران خطے میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کو اپنا شراکت دار سمجھتا ہے انہوں نے کہا کہ امید ہے مستقبل میں دونوں ممالک مل کر امن و خوشحالی کے راستے میں آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی شعبوں میں اضافہ کی تجویز کو سراہتے ہوئے باہمی تعاون کے نئے مواقعوں کی تلاش کیلئے متعلقہ پارلیمانی کمیٹی کی سطح پر جامع مصروفیات کی ضرورت پر زور دیا۔