قائداعظم یونیورسٹی کے مکمل لاک ڈائو ن کا دوسرا روز

وائس چانسلر جاوید اشرف کے استعفیٰ تک یونیورسٹی آف غیرمعینہ مدت تک بند رہیگی،اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن

منگل 13 مارچ 2018 22:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مارچ2018ء) قائداعظم یونیورسٹی کے مکمل لاک ڈائو ن کا دوسرا روز، اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کا کہناہے کہ وائس چانسلر جاوید اشرف کے استعفیٰ تک یونیورسٹی آف غیرمعینہ مدت تک بند رہیگی ۔قائداعظم یونیورسٹی منگل کو مسلسل دوسرے روز بھی تعلیمی اور تدریسی سرگرمیوں کے لئے مکمل طور پر بند رہی۔ جبکہ یونیورسٹی اساتذہ کی بہت بڑی تعداد نے وائس چانسلر کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا۔

یونیورسٹی اساتذہ نے وائس چانسلر کو عہدے سے ہٹانے کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ بھی کیا۔ اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر عقیل بخاری نے وائس چانسلر کی طرف سے احتجاج کرنے والے اساتذہ کو ڈرانے دھمکانے اور ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اساتذہ بھی یونیورسٹی میں تعلیمی اور تدریسی سرگرمیوں کے تعطل سے متاثر ہو رہے ہیں۔

تاہم نااہل اور دوہری شہریت کے حامل وائس چانسلر نے فکلٹی کے لیے کوئی دوسرا راستہ نہیں چھوڑا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وائس چانسلر گذشتہ ساڑھے تین سال سے یونیورسٹی کے انتظامی تعلیمی اور مالی معاملات چلانے میں بری طرح سے ناکام ثابت ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت تعلیم اور ہائر ایجوکیشن کمیشن اکیڈمک ا سٹاف ایسوسی ایشن کے یونیورسٹی کے بحران کے حوالے سے بنیادی موقف سے متفق ہیں جبکہ وزیر تعلیم بلیغ الرحمان نے یونیورسٹی کے بحران کو حل کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اساتذہ وزیر تعلیم کی طرف سے پیش رفت کا انتظار کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر بخاری نے کہا کہ اساتذہ اس بحران کا حل چاہتے ہیں اور سب سے بہترین حل وائس چانسلر کا عہدے سے برخاست ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم موجودہ وائس چانسلر کو یونیورسٹی کی مزید تباہی اور بدنامی کی اجازت نہیں دیں گے اور یونیورسٹی کا لاک ڈاؤن وائس چانسلر کے عہدے سے علیحدہ ہونے تک غیر معینہ مدت تک جاری رہے گا۔۔۔۔۔ توصیف احمد عباسی 03-18/--356

متعلقہ عنوان :