ن)لیگ اقتدار رخصت ہوتا دیکھ کر پریشان ہے‘ میاں محمود الرشید

ٹرمپ کی طرح شریف برادران کا بھی دماغی ٹیسٹ ہونا چاہئے‘ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی

منگل 13 مارچ 2018 21:16

ن)لیگ اقتدار رخصت ہوتا دیکھ کر پریشان ہے‘ میاں محمود الرشید
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ ٹرمپ کی طرح شریف برادران کا بھی دماغی ٹیسٹ ہونا چاہئے، قائداعظم کا ثانی کوئی نہیں، نواز شریف کے ساتھ تشبیہ دیکر جناح کی توہین کی گئی، (ن)لیگ اقتدار رخصت ہوتا دیکھ کر پریشان ہیں، نواز شریف جناح نہیں ہو سکتے کیونکہ انہیں کسی عدالت نے بددیانت، سسلین مافیا قرار نہیں دیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میاں نواز شریف اور شہباز شریف کے خطاب پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

میاں محمودالرشید نے کہا کہ چہرہ بدلنے سے ن لیگ کی پالیسیاں تبدیل نہیں ہوسکتیں، ریاستی اداروں کیخلاف گھنائونا کھیل کھیلنے والے ملک اور عوام کے ساتھ مخلص نہیں، انہوں نے شہباز شریف کی جانب سے نواز شریف کو قائداعظم جیسا لیڈر کہنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات سے لگتا ہے شریف برادران کا ذماغی توازن ٹھیک نہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرح شریف برادران کا بھی دماغی ٹیسٹ ہونا چاہئے، بانی پاکستان کا کوئی ثانی نہیں، نواز شریف کے ساتھ تشبیہ دیکر دراصل جناح کی توہین کی گئی، میاں محمودالرشید نے کہا کہ قائداعظم نے شدید علالت کے باوجود ملک میں علاج کرایا، بیرون ملک جائیداد نہیں بنائی، ملکی وسائل کو اپنی ذات یا عیاشی پر خرچ نہیں کیا، نواز شریف جناح نہیں ہو سکتے کیونکہ انہیں کسی عدالت نے بددیانت، سسلین مافیا قرار نہیں دیا۔