وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ہاورڈ یونیورسٹی کے طالب علموں کی ملاقات

منگل 13 مارچ 2018 21:16

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ہاورڈ یونیورسٹی کے طالب علموں کی ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ہاورڈ یونیورسٹی کے طالبعلموں نے منگل کو وزیراعظم آفس میں ملاقات کی ۔ ہاروڈ یونیورسٹی کے طالب علم 8 روز دورہ پاکستان پر ہیں۔دورے کا اہتمام پاکستان کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی کے ایم ڈی عدنان آفاق اور ہاورڈ یونیورسٹی کی سابقہ طالبہ علم ثوبیہ مقبول کی جانب سے کیا گیا تھا تاکہ طالبعلموں کو پاکستان کے حقیقی تشخص سے روشناس کیا جا سکے۔

پاکستانی ثقافت، سیاست، کھانوں، فنون لطیفہ اور جغرافیہ کے متنوع پہلوئوں کو اجاگر کرنے کیلئے 30 سے زائد اجلاسوں اور سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا جن سے طالبعلموں کو بوسٹن واپسی پر ملک کے بارے میں صحیح حالات کی آگاہی میں مدد ملے گی۔ ان میں سے بیشتر طالب علموں کا تعلق ہاورڈ کینڈی سکول آف گورنمنٹ سے ہے جبکہ بعض پبلک ہیلتھ سکول، گریجویٹ سکول آف ڈیزائن اینڈ لاء سکول کی بھی نمائندگی کر رہے ہیں، یہ گلگت، اسلام آباد، لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں کا دورہ کریں ہیں جو کراچی میں اختتام پذیر ہو گا۔

(جاری ہے)

ان طالب علموں کا انتخاب ہاورڈ کمیونٹی کے ارکان کے گروپ سے نہایت مسابقانہ انداز میں کیا گیا ہے جو پاکستان کے بارے میں جاننے کے خواہاں ہیں۔ یہ طالب علم میزبان خاندانوں کے نجی گھروں کے دوروں سے لے کر دیہی ثقافت کا مشاہدہ کرنے، پالیسی سازوں سے ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ ایدھی فائونڈیشن جیسے اداروں کے شاندار کام کے بارے میں بھی آگاہی حاصل کریں گے اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کیلئے پاکستانی طالب علموں سے بھی ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ وزیراعظم کے ساتھ یہ ملاقات اس غیر معمولی دورہ کی اہم مصروفیت تھی۔