Live Updates

حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی نگرانی میں کھیلوں کے میدان میں خطیر رقم خرچ کررہی ہے،صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ

منگل 13 مارچ 2018 21:12

حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی نگرانی میں کھیلوں کے ..
اٹک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2018ء) صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی نگرانی میں کھیلوں کے میدان میں خطیر رقم خرچ کررہی ہے تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع میسر آسکیں ۔ انہوںنے ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ شجاع خانزادہ شہید بوائز کالج حضرو میں سپورٹس ڈے کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی کیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ پرنسپل گورنمنٹ شجاع خانزادہ شہید بوائز کالج حضرو پروفیسر ماجد وحید ، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ، پروفیسر عثمان صدیقی کے علاوہ دیگر افسران اور عمائدین علاقہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ضلع اٹک میں کھیلوں کی ترقی کے لیے خطیر رقم فراہم کی ہے جس سے کرکٹ ، ہاکی ، فٹ بال اور دیگر کھیلوں کے نئے میدان بنائے جارہے ہیں اور موجودہ میدانوں کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

شجاع خانزادہ شہید سٹیڈیم حضرو میں فلڈ لائیٹس نصب کی جارہی ہیں۔اس کے علاوہ شہید ملت ہاکی سٹیڈیم اٹک کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے اوروہاں پر سنٹھیٹک ٹرف بچھائی جارہی ہے ۔اس کے علاوہ وہاں پر فلڈ لائٹس نصب کی جارہی ہیں اور پویلین بھی قائم کیا جارہا ہے۔ جنڈ اور پنڈی گھیب میں ہاکی اور فٹ بال کے بین الاقوامی معیار کے گراؤنڈ ز بنائے جارہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ ان تمام سرگرمیوں کا مقصد معاشرے میں نوجوانوں کے لیے مثبت رجحان کو فروغ دینا ہے تاکہ وہ معاشرے کے کارآمد شہری بنیں۔صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نوجوانوںمیں اس ملک کا مستقبل دیکھتے ہیں اور ان کے وژن کے مطابق نوجوان ہی اس ملک کی ترقی کے ضامن ہیں ۔ اس لیے ضروری ہے کہ ان کے لیے مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے اور اس کے ساتھ انہیں ملک کا کارآمد شہری بننے میں مدد دی جائے ۔ اس موقع پر طلبا نے مختلف جسمانی سرگرمیوں کا مظاہرہ کیا جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے طلبا میں انعامات بھی تقسیم کیے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات