درخت لگانا ایک بہترین روایت ہے جس کی پاسداری سے ہم اپنے ماحول کو پرسکون اور پرفضا بنا سکتے ہیں،ڈاکٹر عارف علوی

منگل 13 مارچ 2018 21:04

درخت لگانا ایک بہترین روایت ہے جس کی پاسداری سے ہم اپنے ماحول کو پرسکون ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء) پاکستان تحریک انصا ف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ درخت لگانا ایک بہترین روایت ہے جس کی پاسداری سے ہم اپنے ماحول کو پرسکون اور پرفضا بنا سکتے ہیں۔ درختوں کی سبز رنگت سے آنکھوں پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے یہ باتیں ملین ٹری سونامی مہم کے دوران کراچی کے مختلف علاقوں میں موجود کارکنان اور عوام کو پودوں کی تقسیم کے موقعے پر کہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گرین لائن بس منصوبے کے لیے شہر کے سات ہزار درخت کاٹ دئیے گئے، یہ سوچے بغیر کہ ایک درخت کو پروان چڑھنے میں سالوں لگ جاتے ہیں۔ اس کا نقصان ہماری آئندہ نسلوں کو ہوگا۔ اس لیے پاکستان تحریک انصاف کی ملین ٹری سونامی مہم کے دوران ہم ہزاروں لاکھوں درخت لگا کر اس نقصان کا ازالہ کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دو تین سال پہلے ہیٹ اسٹروک کی وجہ سے ہزاروں لوگ جان کی بازی ہار گئے، جس کی وجہ درختوں اور سبزے کی کمی ہے۔

اب بھی یہ خبر سنائی جا رہی ہے کہ کراچی میں گرمی کا موسم اس بار شدید نوعیت کا ہوگا۔ اس پر طرہ یہ کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی طرف سے سائن بورڈ اور اشتہارات بنانے والی کمپنیاں صرف اشتہار بازی کے لیے درخت کاٹ رہی ہیں۔ درخت ہمارا اثاثہ ہیں اور کراچی کے ہر شہری کو ان کی حفاظت کرنی چاہئے۔ پاکستان تحریک انصاف درختوں کے ذریعے ماحول اور فضا کو پرسکون بنا کر عوام کی پریشانیاں کم کرنا چاہتی ہے۔

ہم کراچی کے عوام کے بھی بے حد شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اس مہم میں بھرپور حصہ لیا۔ اگر حکومت درخت لگانے کا یہ نیک کام انجام نہیں دیتی تو اسے درخت کاٹنے سے بھی باز رہنا چاہئے۔ درخت کاٹنے سے جتنے بھی نقصانات ہوتے ہیں وہ ہمارے علم میں ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ ہماری موجودہ اور آئندہ نسلیں ان نقصانات سے محفوظ رہیں۔

متعلقہ عنوان :