بزنس ایجوکیشن کی جانب طلبہ کا رجحان خوش آئند ہے، گورنرسندھ

پاکستانی نوجوان با صلاحیت ، وژنری، محنتی،متحرک ،ذہین اور فطری صلاحیتوں سے مالا مال ہیں،محمد زبیر تعلیم یافتہ نوجوان ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں،کراچی اسکولز آف بزنس اینڈ لیڈر شپ میں منعقدہ پروگرام میں لیکچر

منگل 13 مارچ 2018 21:01

بزنس ایجوکیشن کی جانب طلبہ کا رجحان خوش آئند ہے، گورنرسندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان با صلاحیت ، وژنری، محنتی،متحرک ،ذہین اور فطری صلاحیتوں سے مالا مال ہیں، ماضی کی بنسبت آج کے نوجوان با الخصوص خواتین کا طب ، انجینئرنگ اور دیگر شعبوں کے بجائے بزنس تعلیم پر رجحان بڑھتا جارہاہے ،سائنس و ٹیکنالوجی ، صنعتی ترقی ، تجارت اور کاروباری سرگرمیوں کے باعث بزنس ایجوکیشن وسعت اختیار کرتی جارہی ہے جہاں ہروقت کام کی بہت گنجائش رہتی ہے، اس ضمن میں صنعتی فعالیت ، تجارت و کاروباری سرگرمیوں کو نئی جہت دینے اور سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے میں اعلیٰ تعلیم یافتہ بزنس گریجویٹس اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔

ان خیالا ت کا اظہار انہو ں نے کراچی اسکول آف بزنس اینڈ لیڈر شپ کے زیر اہتمام نامور افراد کے لیکچرز کی سیریز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسکول کے ڈین ڈاکٹر ذیشان احمد ، پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے چیئر مین منیر کمال اور طالب علموں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پاکستانی بزنس گریجویٹس ملک اور بیرون ممالک بہت اچھا کام کررہے ہیںبا الخصوص ملٹی نیشنل کمپنیوں میں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان اپنی بھرپور صلاحیتوں سے ملک و قوم کا نام روشن کررہے ہیں ان نوجوانوں کے باعث دنیا بھر میں پاکستان کو ممتاز حاصل ہے جو کہ خوش آئند بات ہے ۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد پاکستان اقتصادی لحاظ سے مستحکم ہو رہاہے ، غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ، صنعتی فعالیت ، تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کے بڑھنے کے باعث بزنس گریجویٹس کی اہمیت بہت بڑھ چکی ہے اس ضمن میں آئی بی اے سمیت دیگر تعلیمی ادارے بزنس گریجویٹس کی تعلیم کی فراہمی کے لئے عصرحاضر سے ہم آہنگ ، قومی تقاضوں اور علمی ضروریات کے مطابق نصاب کی تشکیل دے رہے ہیں جس سے نوجوانوں کو عصر حاضر میں ہونے والی تبدیلیوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو منوانے کے مواقع حاصل ہورہے ہیں ۔

گورنر محمد زبیر نے کہا کہ میں نے آئی بی اے سے اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد کچھ عرصہ وہاں طالب علموں کو پڑھایا بھی ہے آج بھی میرا دل چاہتا ہے کہ میں دوبارہ پڑھائوں ، بزنس کی تعلیم ایک زبردست مضمون ہے جسے پڑھنے اور پڑھانے دونوں میں بہت مزہ بھی آتا ہے اور اس سے سیکھنے کو بہت ملتا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان میں بزنس تعلیم کی جانب بڑھتے ہوئے رجحان کو دیکھ کر بے حد خوشی ہوتی ہے ، بزنس گریجویٹس طالب علم ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں ،عصر حاضر میں اقتصادی ، معاشی اور صنعتی میدان میں مقابلہ کرنے کے لئے بڑی تعداد میں بزنس گریجویٹس تیار کرنے ہونگے۔

انہوں نے مختصر عرصہ میں بزنس کی تعلیم کے اداروں میں نمایاں مقام حاصل کرنے پر کراچی اسکول آ ف بزنس اینڈ لیڈر شپ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کے لئے ادارہ کی انتظامیہ ، فیکلٹی اور طالب علم مبارک باد کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بزنس تعلیم کے فروغ کے لئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر ہر ممکن تعاون ، مدد او ر معاونت فراہم کررہی ہے تاکہ عصر حاضر کی معاشی ترقی میں پاکستان کو منفرد مقام دلایا جا سکے ، پاکستان کی کل آبادی کے 60 فیصد نوجوانوں کو عصر تقاضوں اور ملکی ضروریات کے مطابق تیار کرنا ہم سب کا اخلاقی اور قومی ذمہ داری بھی ہے اس ضمن میں حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :