Live Updates

نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں ، تعلیم وتربیت اور فلاح و ترقی تحریک انصاف کے مجموعی منشور میں سرفہرست ہے ،پرویزخٹک

گزشتہ کئی دہائیوں سے ملک میں جاری حکمرانوں کی بے دریغ لوٹ مار اور اداروں میں سیاسی مداخلت سے پڑھے لکھے نوجوان مایوسی کا شکار تھے اور مواقع ناپید ہونے کی وجہ سے ہمارا اعلیٰ ترین دماغ باہر منتقل ہونا شروع ہو گیا جو کسی بھی قوم کیلئے باعث تشویش ہے،ہم نے تباہ حال اور بدنام ترین سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار اور مورال بلند کیا ۔ سہولیا ت دیں ، پرائمری کی سطح پر انگلش میڈیم کا اجراء کیا تاکہ غریب بھی امیر کے مقابلے میں آسکے،وزیراعلی خیبرپختونخوا

منگل 13 مارچ 2018 21:01

نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں ، تعلیم وتربیت اور فلاح و ترقی تحریک انصاف ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں جن کی معیاری تعلیم وتربیت اور فلاح و ترقی تحریک انصاف کے مجموعی منشور میں سرفہرست ہے ۔گزشتہ کئی دہائیوں سے ملک میں جاری حکمرانوں کی بے دریغ لوٹ مار اور اداروں میں سیاسی مداخلت سے پڑھے لکھے نوجوان مایوسی کا شکار تھے اور مواقع ناپید ہونے کی وجہ سے ہمارا اعلیٰ ترین دماغ باہر منتقل ہونا شروع ہو گیا جو کسی بھی قوم کیلئے باعث تشویش ہے ۔

یہاں جو بھی حکومت میں آیا اُس نے اپنا پیٹ بھرا اور عوام خصوصا نوجوانوں کو ہوا میں چھوڑ گیا واحد تحریک انصاف ہے جس نے قوم کے مستقبل یعنی نوجوانوں پر سرمایہ خرچ کیا۔تباہ حال اور بدنام ترین سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار اور مورال بلند کیا ۔

(جاری ہے)

سہولیا ت دیں ، پرائمری کی سطح پر انگلش میڈیم کا اجراء کیا تاکہ غریب بھی امیر کے مقابلے میں آسکے، سٹاف کی حاضری اور جزا و سزا کا نظام متعارف کرایا،50 ہزار کے قریب نئے اساتذہ بھرتی کئے ، ہم ووٹ کیلئے نہیں بلکہ قوم کے مستقبل کیلئے کام کر رہے ہیں ۔

پاکستان کو عمران خان جیسے مخلص لیڈر کی ضرورت ہے کیونکہ دُنیا ہم سے بہت آگے نکل چکی ہے اسلئے قومی مفاد میں فیصلہ سازی اور قیادت کے انتخاب کے عمل میں مزید غفلت کی گنجائش نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ضلع صوابی کے اپنے ایک روزہ دورے کے دوران زیدہ میں قاعداعظم گروپ آف سکولز اینڈ کالجز کی تقسیم انعامات کی سالانہ تقریب اور جھنڈا میں ایم پی اے معراج ہمایون خان کی تحریک انصاف میں شمولیت کے سلسلے میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر، ایم این اے عاقب الله خان، معراج ہمایون اور دیگر قائدین نے بھی اس موقع پرخطاب کیا ۔وزیراعلیٰ نے معراج ہمایون خان کے اپنے خاندان اور درجنوں کارکنان سمیت تحریک انصاف میں شامل ہونے پر اُ ن کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ معراج ہمایون خواتین کی فلاح و ترقی کیلئے کام کرنے کا بھر پور جذبہ رکھتی ہیں اور انہوںنے قانون سازی کے عمل میں صوبائی حکومت کی کافی مدد کی ہے ۔

اُن کا تحریک انصاف میں شامل ہونا ہم سب کیلئے خوشی کا باعث ہے۔انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف میں سیاسی رہنمائوں کی شمولیت تحریک انصاف کی عوام دوست پالیسیوں اور صوبائی حکومت کی کارکردگی کا ثمر ہے ۔ پرویز خٹک نے کہا کہ پاکستان کے باشعور عوام اور نواجوانوں نے پاکستان تحریک انصاف کو نظام کی تبدیلی کیلئے ووٹ دیا تھا جس کا بنیادی محرک حکمرانی کا نا اہل نظام اور سیاستدانوں کی مفاد پرستی تھی ۔

تقریباً گزشتہ 60 سالوں میں حکمرانوں نے تعلیم، صحت، پولیس اور خدمات کے دیگر اداروں کی تباہی میں کوئی کسر نہ چھوڑی ۔نظام کو سنوارنے اور بنانے کے مقابلے میں نظام کو بگاڑنے کا عمل تیز تر تھا۔ قانون بنانے والے خود اپنے ہی بنائے گئے قوانین کو پامال کرنے لگے ۔قوم اور ملک کے رکھوالوں نے اپنے ہی ملک اور عوام کو لوٹنا شروع کردیا ۔مختصر یہ کہ مفاد پرستی ، اقربا پروری، رشوت خوری اور سرکاری وسائل کی خرد برد اپنے عروج پر تھی جس نے ملک کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ۔

عقل سلیم اور تعمیر ی سوچ رکھنے والی قیادت مفقود تھی ۔عوام کرپٹ اشرافیہ کے ہاتھوں یرغمال تھے اور آئینی اداروں کو اشرافیہ اپنی جاگیر سمجھ کر استعمال کرتا تھا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ان حالات میں جب اس نظام کی تبدیلی کا نعرہ بلند کیا تو اُمید کی ایک کرن پید اہوئی جو آج تبدیلی کا ایک نیر تاباںبن چکی ہے جس کی شعاعوں سے کرپشن کا مضبوط ترین مافیا بھی دربدر ہو چکا ہے ۔

تحریک انصاف کی نظام کی شفافیت کیلئے جدوجہد کے ثمرات آج دیکھے جا سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہمیں بحیثیت قوم سمجھ لینا چاہیئے کہ ایک ایماندار اور مخلص قیادت کے بغیر ترقی کی دوڑ میں شامل نہیں ہو سکتے ۔ یہ ایک ایسی ناقابل تردیدحقیقت ہے جس پر دُنیا کی تاریخ گواہ ہے ۔ اگر ہم قوموں کے عروج و زوال کا ایمانداری سے جائزہ لیں تو یہ حقیقت عیاں ہو جاتی ہے کہ آج تک جتنی قومیں زوال کا شکار ہوئیں اُن کے پیچھے اُسی قوم کے دشمن عناصر کا ہاتھ تھا اور آج تک جتنی قوموں نے بھی ترقی کی اُس کی وجہ اُن کا ایماندار لیڈ رتھا ۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیاکہ پاکستان میں کئی دہائیوں کے بعد عمران خان کی صورت میں ہمیں ایک ایماندار لیڈر ملا ہے ۔ جو اخلاص کے ساتھ قوم و ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے جدوجہد میں مصروف ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت نے تحریک انصاف کے منشور کے تحت صوبے میں نظام کی شفافیت ، اداروں کی بحالی اور عوامی خوشحالی کیلئے گزشتہ پانچ سال سے دن رات جدوجہد کی ہے ۔

ہم اپنے اقدامات میں کتنے کامیاب ہیں عوام کے سامنے ہے۔اگر ہمارے اقدامات کا ماضی سے موازنہ کریں تو بہت فرق نظر آئے گا ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر سرکاری سکولوں میں اصلاحات کا خصوصی طور پر ذکر کیا اور کہاکہ اُن کی حکومت نے ایم اے ، ایم ایس سی ، ایم ایڈ اساتذہ میرٹ پر بھرتی کئے جبکہ اس سے پہلے تھرڈ ڈویژن میٹرک پاس اساتذہ رشوت لیکر بھرتی کئے جاتے تھے جو خود پڑھنے کے قابل نہیں تھے وہ دوسروں کو کیسے پڑھاتے ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار پرائمری کی سطح پر انگلش میڈیم کا اجراء کیاتاکہ غریب کا بچہ بھی خان کا مقابلہ کر سکے ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر صحت، پولیس، صنعت اور دیگر شعبوں میں بھی صوبائی حکومت کی اصلاحات اور اقدامات پر روشنی ڈالی ۔ انہوںنے واضح کیا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے جس دیر پا نظام کی بنیاد رکھ دی ہے یہ نئے پاکستان کی تشکیل کی طرف عملی قدم ہے ۔

پاکستان تحریک انصاف نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ مرکز میں بھی حکومت بنائے گی ۔ تحریک انصاف کا مقابلہ ممکن ہی نہیں کیو نکہ یہ نوجوانوں کی جماعت ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر جھنڈ ا کی ترقی اور خوشحالی کیلئے سکیمیں آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ڈالنے کا عندیہ دیا اور کہاکہ اُن کی حکومت کو عوامی مسائل کا ادراک ہے اور ان مسائل کے حل کیلئے صوبہ بھر میں یکساں ترقیاتی حکمت عملی کے تحت کام ہو رہا ہے جو انصاف کی بالادستی کا غماز ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات