بین سٹوکس فٹنس مسائل کے باعث نیوزی لینڈ الیون کے خلاف ابتدائی دو روزہ ٹور میچ سے باہر ہو گئے

منگل 13 مارچ 2018 20:57

بین سٹوکس فٹنس مسائل کے باعث نیوزی لینڈ الیون کے خلاف ابتدائی دو روزہ ..
ہیملٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2018ء) انگلش ٹیم کے آل رائونڈر بین سٹوکس فٹنس مسائل کے باعث نیوزی لینڈ الیون کے خلاف ابتدائی دو روزہ ٹور میچ سے باہر ہو گئے جس کے بعد ان کی آئندہ ہفتے نیوزی لینڈ کے خلاف شیڈول پہلے ٹیسٹ میچ کے ذریعے سے ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کی امیدوں کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ الیون کے درمیان دو روزہ ٹور میچ (آج) بدھ سے شروع ہو گا جبکہ انگلینڈ اور کیویز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ 22 مارچ سے شروع ہو گا۔

(جاری ہے)

انگلش ٹیم مینجمنٹ کے مطابق سٹوکس کمر کی تکلیف میں مبتلا ہیں جس کے باعث وہ نیوزی لینڈ الیون کے خلاف ابتدائی دو روزہ ٹور میچ میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ان کی انجری سنجیدہ نوعیت کی نہیں ہے، اگر وہ ایک دو روز میں سو فیصد فٹ ہو جاتے ہیں تو نیوزی لینڈ الیون کے خلاف شیڈول دوسرا دو روزہ ٹور میچ کھیلیں گے۔ واضح رہے کہ سٹوکس نے گزشتہ برس برسٹول نائٹ کلب کے باہر جھگڑے کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی گئی ون ڈے سیریز میں ٹیم میں کم بیک کیا تھا اور انہوں نے کیویز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے ذریعے پانچ روزہ کرکٹ میں واپسی کرنی ہے۔