راولپنڈی، اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور بالائی پنجاب میں کہیں کہیں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

منگل 13 مارچ 2018 20:38

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2018ء) راولپنڈی، اسلام آباد سمیت خیبرپختونخوا اور بالائی پنجاب میں کہیں کہیں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر وسطی اور بالائی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا تاہم خیبرپختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، بالائی پنجاب (راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا ڈویڑن)، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ کوئٹہ، ژوب، لاہور، ملتان، ساہیوال ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں تیز آندھی/گرد آلود ہوائیں اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی ڈویژن، فاٹا اور گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا: مالم جبہ97، کالام52، سیدو شریف38، پٹن 36 ، دیر28 ، میرکھانی25، دروش20، چترال 18، پاراچنار11، لوئر دیر 10، بالاکوٹ03، گلگت بلتستان: استور 25، گلگت، چلاس 12، بگروٹ 07، گوپس 03 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ منگل کو ملک میں کم سے کم درجہ حرارت سکردو اور کالام میں 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔