اسلامی معاشی نظام استحصال سے پاک معاشرے کے قیام اور وسائل کی مساویانہ تقسیم کی ضمانت ،

اسلامی بینکنگ کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، ملک رفیق رجوانہ

منگل 13 مارچ 2018 20:26

اسلامی معاشی نظام استحصال سے پاک معاشرے کے قیام اور وسائل کی مساویانہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مارچ2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ اسلامی معاشی نظام استحصال سے پاک معاشرے کے قیام اور وسائل کی مساویانہ تقسیم کی ضمانت ہے جس کے لئے اسلامی بینکنگ کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے،گذشتہ چند برسوں کے دوران جس طرح اسلامک بینکنگ اور فنانس کے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم ایک ایسا معاشی نظام چاہتے جو سود سے پاک ہو اور ہماری اسلامی اساس سے مطابقت رکھتا ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کامسیٹس انسٹی ٹیوشن آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام گلوبل فورم آف اسلامک فنانس سے خطاب کے دوران کیا۔فورم میںملکی اور بین الاقوامی ادارں سے تعلق رکھنے والے بینک کاروں اور اسلامی فنانس کے ماہرین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ سرمایہ دارانہ نظام نے محض امیر اور غریب کے درمیان خلیج کووسعت دینے کے سوا کچھ نہیں کیا جس کے نتیجے میں دو طبقے معاشرے میںپیدا ہوئے ایک وہ جو وسائل پر براجمان رکھتے ہیں اور دوسرا وہ جو وسائل کی خاطر لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب اسلامی دنیا نے یہ جان لیا ہے کہ پبلک سیکٹرکو اور اپنے معاشی نظام کو اسلامی اصولوں کے مطابق ڈھال کر ہی استحصال کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت اسلامی بینکنگ کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور ا س سلسلے میں ہر قسم کا تعاون فراہم کیا جا رہا ہے، گذشتہ ایک دہائی کے دوران اس تصور کو خاصی تقویت ملی ہے اور آج پاکستان میں تقریبا ہر شیڈول بنک اسلامی بینکنگ سروسز فراہم کررہا ہے ۔

گورنر پنجاب نے کامسیٹس کے زیر اہتمام اس عالمی فورم کے انعقاد کو سراہا اور کہاکہ تعلیمی اداروں کی سطح پر اسلامی بینکنگ اور فنانس کے موضوع پر سیمینار اور پروگرام یقینا خوش آئند ہیں، دنیا بھر کے ماہرین معاشیات اور بینک کار جس طرح آج ایک چھت کے نیچے اکٹھے ہیںیہ اسلا می بینکنگ کو تقویت دینے کے لئے ان کے عزم کا ثبوت ہے۔ انہوں نے فورم میں پیش کیے جانے والے مقالوں اور ریسرچ پیپرز کو عوام کو آگاہی کے لئے ان کی اشاعت کی ضرورت پربھی زور دیا۔

اس موقع پر کامسیٹس یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر راحیل قمر اور ڈائریکٹر پروفیسر قیصر عباس نے کامسیٹس کی کارگردگی اور جاری پروگرام پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ دریں اثناء گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے یہاںگورنر ہائوس لاہور میں حلقہ پی پی 159سے مسلم لیگ (ن) کے 18رُکنی وفد نے ملاقات کی جنہوں نے خالد محمود لودھی کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں ڈاکٹر شاہد محمود، چوہدری اکبر علی، چوہدری یونس اور دیگر کارکن موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو درپیش بنیادی مسائل کو دور کرنے کے لئے ہر ممکن وسائل کو یقینی بنارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھادیا ہے جن کی تکمیل سے عوام کی زندگی میں انقلاب برپا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا محور صرف اور صرف ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی ہے ۔ گورنر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ پارٹی کا قابل فخر قیمتی سرمایہ ہیں جنہوں نے ہر مشکل گھڑی میں اپنے قائد کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور آئندہ الیکشن میں بھی عوام کی طاقت سے کامیاب و کامران ہوگی۔

متعلقہ عنوان :