بلوچستان سے سینیٹ چیئرمین منتخب ہونا مضبوط اور مستحکم پاکستان کی علامت ہے،پیپلزپارٹی سندھ

نوازلیگ کی تنقید ان کی سیاسی نا پختگی اور آمرانہ پرورش کی عکاسی کرتا ہے،نثار احمد کھوڑو ،وقار مہدی ،راشد ربانی ،ناصر حسین شاہ

منگل 13 مارچ 2018 19:55

بلوچستان سے سینیٹ چیئرمین منتخب ہونا مضبوط اور مستحکم پاکستان کی علامت ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، جنرل سیکریٹری وقار مہدی، راشد ربانی، ناصر حسین شاہ ،عاجز دھامراہ اور نعمان شیخ نے نو منتخب سینیٹ چیئرمین صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پسماندہ صوبہ بلوچستان سے سینیٹ چیئرمین منتخب ہونا مضبوط اور مستحکم پاکستان کی علامت ہے اور یہ تمام کریڈٹ آصف علی زرداری کو جاتا ہے، جنہوں نے آغاز حقوق بلوچستان سے بلوچستان کے عوام کو ان کی دہلیز پر حقوق دلانے کا آغاز کیا تھا اور آج بلوچستان سے ہی سینیٹ چیئرمین کا منتخب ہونا اس کا تسلسل ہے، پیپلزپارٹی رہنماں نے کہا کہ صادق سنجرانی کے انتخاب سے جمہوریت کو مزید تقویت ملی ہے، نوازلیگ کی تنقید ان کی سیاسی نا پختگی اور آمرانہ پرورش کی عکاسی کرتا ہے، اگر وہ جیتتے تو ٹھیک اور ہم جیتے ہیں تو غلط، انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان مزید مضبوطی اور خوشحالی کی طرف گامزن ہوگا اور آئندہ عام انتخابات میں آمر ضیا کی ٹیم کے تمام بیٹسمینوں کو کلین بولڈ کردیں گے۔