یوفون بلوچستان فٹبال کپ کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز ہوگیا

منگل 13 مارچ 2018 19:22

یوفون بلوچستان فٹبال کپ کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز ہوگیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء) بلوچستان کی پسندیدہ ٹیلی کام کمپنی یوفون کی جانب سے منعقد کئے جانے والے بلوچستان فٹ بال کپ کے دوسرے ایڈیشن کے مقابلے آج سے شروع ہوگئے ہیں ۔ اس چیمپیئن شپ کے انعقاد سے نوجوانوں میں کھیلوں اور صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے کے کمپنی کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے ۔ رواں سال یہ چمپئن شپ چھ شہروں بشمول کوئٹہ، پشین، خضدار، چمن، لورالائی اور نوشکی میں کھیلی جارہی ہے۔

گزشتہ سال اس چیمپیئن شپ کے مقابلے صرف چار شہروں میں منعقد ہوئے تھے ۔ اس چمپئن شپ میں 30 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور ہر شہر سے پانچ ٹیمیں شامل کی گئی ہیں ۔ مجموعی طور پر 450 نوجوان فٹ بالرز اس مقابلے میں حصہ لے رہے ہیں۔ کوالیفائنگ راؤنڈ میں ہر شہر سے یونیورسٹیوں اور کالجز کی چار ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں ایک دوسرے کے ساتھ مقابلہ کریں گی۔

(جاری ہے)

اس مرحلے میں فاتح ٹیمیں پھر دوسرے شہر جاکر مخالف فٹ بال کلب سے کوالیفائر راؤنڈ میں کھیلیں گی۔ ہر شہر کی سطح پر کامیاب ٹیمیں پھر ایلی مینٹر راؤنڈ میں ایک دوسرے سے نبرد آزما ہوں گی۔ ایلی مینٹر مرحلے میں کامیاب اولین چار ٹیمیں سیمی فائنلز کھیلیں گی اور وہ جیتنے والی ٹیمیں فائنل میں ایک دوسرے سے نبرد آزما ہوں گی۔ یہ ٹیمیں اپنے متعلقہ شہروں میں ناک آؤٹ اور کوالیفائرز مراحل میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ آج سے کررہی ہیں جبکہ ایلی مینٹر اور فائنلز کوئٹہ میں 27 مارچ تا 29 مارچ کے درمیان منعقد کئے جائیں گے۔

یوفون کے برانڈ ایمبسڈر اور قومی فٹ بال ٹیم کے اسٹار کھلاڑی فضل محمد بھی اس چیمپیئن شپ میں حصہ لے رہے ہیں اور خضدار بلوچ فٹ بال کلب کی نمائندگی کریں گے ۔ یوفون کو اس بات پر یقین ہے کہ اس چیمپیئن شپ سے صوبے میں فٹ بال کے کھیل کو فروغ دینے میں مدد ملے گی اور ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو سیکھنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کیلئے یہ ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ اس اقدام سے یوفون کی بلوچستان کے عوام کے ساتھ وابستگی ظاہر ہوتی ہے جو کمپنی کی ٹیگ لائن 'تم ہی تو ہو' کے عین مطابق ہے۔

متعلقہ عنوان :