نواز شریف بریف کیس اور چھانگا مانگا کی سیاست بھول گئے‘عبدالعلیم خان

عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی کے رہنما میاں یامین ٹیپو کی عیادت کی ، اہل گجرات کو شاباش کا پیغام

منگل 13 مارچ 2018 19:22

نواز شریف بریف کیس اور چھانگا مانگا کی سیاست بھول گئے‘عبدالعلیم خان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نواز شریف جوش خطابت اور عمران خان کی مخالفت میں اپنا ہی ماضی فراموش کرتے ہوئے یہ بھی بھول گئے کہ سیاست میں بریف کیس اور چھانگا مانگا کے وہ خود ہی بانی ہیں ،انہیں علم ہے کہ عمران خان کی بہترین سیاسی حکمت عملی کے باعث بھارتی پراکسی وار کے پاکستانی سٹیک ہولڈرز سینٹ میں شکست کھا گئے ہیں ۔

انہوں نے اپنے تبصرے میں کہا کہ کسی کو غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے ہم نئے پاکستان اور عوام کے بہتر مستقبل کیلئے ہر جائز سیاسی رستہ اختیار کریں گے ۔کنونشن سینٹر مین ہونے والی ہلڑ بازی نواز شریف کی شکست کا اعتراف تھا چند سو دیہاڑی داروں سے اپنے حق میں نعرے لگوا کر وہ دوبارہ کبھی اقتدار میں نہیں آ سکتے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی دشمنی میں نواز شریف صوبائیت کو بھی ہوا دینے سے باز نہیں آئے ،انہوں نے اپنے سیاسی قد کاٹھ سے کہیں نیچے کی گفتگو کی جس پر سینٹ میں ان کے خلاف تحریک استحقاق بھی آ سکتی ہے ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد کو اپنے خطاب میں شہباز شریف کی کرپشن کا ذکر کرنا یاد نہیں رہا کیا انہیں علم نہیں کہ پنجاب کی56کمپنیوں نے کیا گل کھلائے ہیں اور پکڑے جانے والے صرف دو افسران اب تک کتنے کروڑ کی کرپشن کا اعتراف کر چکے ہیں انہوں نے کہا کہ عام آدمی یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہے کہ ووٹ کے تقدس سے لے کر جمہوریت کے استحکام تک نواز شریف کو سب کچھ وزارت عظمیٰ سے محروم ہونے کے بعد ہی کیوں یاد آیا درحقیقت انہیں اقتدار کی یاد ستا رہی ہے۔

دریں اثناء عبدالعلیم خان نے گجرات میں مختلف مقامات پر پارٹی چیئرمین عمران خان کا شاندار استقبال کرنے پر تمام ضلعی رہنماؤں و کارکنوں کو شاباش دی ہے اور ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ مستقبل میں بھی ضلع گجرات سے پی ٹی آئی کی تنظیم جوش و جذبے اور ولولے کا اظہار کرے گے ،عبدالعلیم خان نے لاہور کے ایک مقامی ہسپتال میں پارٹی رہنمامیاں یامین ٹیپو کی عیادت بھی کی اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔

متعلقہ عنوان :